پاکستان اور چین کے درمیان نئے گوادر ائرپورٹ کی تعمیر سمیت مختلف نجی شعبوں میں تعاون کے 15 سمجھوتوں پر دستخط

منگل 17 اپریل 2007 15:25

بیجنگ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2007ء) پاکستان اور چین نے نئے گوادر ائرپورٹ کی تعمیر،آٹو موبائل پلانٹ لگانے اور سیاحت ،زرعی صنعت اور ہاؤسنگ سمیت مختلف نجی شعبوں میں تعاون کے15 سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں ۔ سمجھوتوں پر دستخط وزیر اعظم شوکت عزیز کے دورہ چین کے موقع پر منگل کو کیے گئے ہیں دستخطوں کی تقریب کے موقع پر دونوں ممالک کے وزراء موجود تھے جن میں پاکستان کی طرف سے وزیر سرمایہ کاری زاہد حامد،وزیر تجارت جہانگیر خان ترین اور پلاننگ کمیشن کے حکام کے علاوہ نیوٹک کے چیئرمین شامل ہیں -جن چند بڑے منصوبوں پر دستخط کیے گئے ہیں ان میں پاکستان میں ٹیکنالوجی اور صنعتی زون کے قیام ، پاک چین دوستی پارک ، بلیک پلیٹس شپمنٹ ، بجلی ، ہاوٴسنگ اور میگاانفراسٹرکچر کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے وزیر صنعت و پیداوار ، جہانگیر ترین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نجی اور سرکاری طور پر ایسے 61 شعبوں کی فہرست بنائی گئی ہے جس میں دونوں ملکوں کی کمپنیاں حصہ لے سکتی ہیں ۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے د رمیان تجارت اور معاشی ترقی کے پانچ سالہ منصوبے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت دونوں ملک نجی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی ترقی میں پرائیویٹ شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے ، انہوں نے کہا کہ آل چائنیز فیڈریشن آف انڈسٹریز اینڈ کامرس دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے میں انتہائی معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ نومبر میں چین کے وزیر اعظم ہوجن تاوٴ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور آج پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز چین کا دورہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونون ملکوں کے اعلیٰ سطح کے دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی جڑیں بہت گہری ہیں ۔ وزیر صنعت نے چین کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت کی تعریف کی اور کہا کہ نہ صرف اس کا فائدہ چین کی عوام کو مل رہا ہے بلکہ اس ترقی سے پوری دنیا مستفید ہو رہی ہے

متعلقہ عنوان :