چیف جسٹس بدسلوکی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

بدھ 25 اپریل 2007 11:22

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار 25 اپریل 2007) سپریم کورٹ میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ساتھ بدسلوکی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ بدھ کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ساتھ بدسلوکی کیس کی سماعت ہوئی قائم مقام چیف جسٹس رانا بھگوان داس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی بدسلوکی میں ملوث اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کے افراد کے خلاف توہین عدالت کے کیس میں پانچ ویں نمبر پر جمیل ہاشمی جو ڈی ایس پی اسلام آباد ہیں ان کے حوالے سے سماعت ہوئی۔

قائم مقام چیف جسٹس رانا بھگوان داس نے اس موقع پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی جمیل ہاشمی نے غیر مشروط معافی نامہ داخل بھی کیا ہے اور کیس کی پیروی بھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک پوائنٹ پر رانا بھگوان داس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے جو گند آپ نے اچھالا ہے وہ کدھر ہے اس طرح سے ہم معافی نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہیں تو سات دن کے اندر غیر مشروط معافی نامہ داخل کریں اس کے بعد کیس کی مزید سماعت ہوگی۔ سماعت کے موقع پر آئی جی پی اسلام آباد چوہدری افتخار احمد‘ ایس ایس پی اسلام آباد کیپٹن (ر) ظفر اقبال‘ چیف کمشنر خالد پرویز‘ ڈپٹی کمشنر محمد علی ‘ ڈی ایس پی جمیل ہاشمی‘ ایس ایچ او رخسار مہدی‘ اے ایس آئی سراج احمد عدالت میں موجود تھے۔