اہلیان مری کی جانب سے پاکستان گرلز گائیڈاور پاکستان سکاوٴٹس کے مخلوط پروگرام کیخلاف لال مسجد کی شرعی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی

اتوار 3 جون 2007 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جون۔2007ء) اہلیان مری کی طرف سے گھوڑا گلی میں پاکستان گرلز گائیڈاور پاکستان سکاوٴٹس کا ملکی و غیر ملکی نوجوان لڑکیوں و لڑکوں پر مشتمل مخلوط پروگرام کے خلاف لال مسجد کی شرعی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔لال مسجد کے علماء نے مری کے علماسے اس پروگرام کو رکوانے کے لیے اپیل کر دی۔حکومت کی روشن خیالی کو فروغ دینے کے لیئے پاکستان گرلز گائیڈ اور پاکستان سکاوٴٹس کا گھوڑا گلی میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سمیت چھ ممالک کی نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کامخلوط ”سیف فرینڈ شپ کیمپ ،،کا 5جون سے انعقاد ہو رہا ہے ۔

یہ کیمپ ایک ہفتہ تک جاری رہے گاجس کے دوران رات کو مخلوط کیمپ فائر ،مختلف مقامات پر کیمپنگ کا انعقاد اورمخلوط ہائکنگ و دیگر مخلوط آزادانہ پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سری لنکا،بھارت ،نیپال سے لڑکے اور لڑکیاں پہنچ چکے ہیں اور تقاریب کا باقاعدہ افتتاح 5 جون کو ہوگا۔ پاکستان گرلز گائیڈ اور پاکستان اسکاوٴٹس کا مشترکہ طورپر گھوڑا گلی مری میں مخلوط”دوستی کیمپ،، کامنعقد کیاجانادراصل موجودہ حکومت کی روشن خیالی کوفروغ دینے کی ایک کوشش ہے ۔

ذرائع کے مطابق اس کیمپ میں سری لنکا،بھارت ،نیپال نے لڑکے اور لڑکیوں کو بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی جبکہ بنگلہ دیش اور مالدیپ نے لڑکیاں بھیجنے سے انکار کر دیاتھا اورصرف لڑکے بھیجنے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔ پاکستان گرلزگائیڈکی جانب سے 22لڑکیاں اس مخلوط کیمپ میں شرکت کررہی ہیں ۔پاکستان سکاوٴٹس کے چیف کمشنر وفاقی وزیر تعلیم جاوید اشرف قاضی اس کیمپ کے نگران ہیں اس کے ڈپٹی چیف ”الذوالفقار،، تنظیم کے بانی سید پرویز علی شاہ ہیں جبکہ گھوڑا گلی کیمپ کے انچارج رانا ارشاد ہیں۔

پاکستان کی تاریخ میں اس طرح کے مخلوط کیمپ کا انعقاد پہلی مرتبہ کیا جا رہا ہے۔جس میں آزادانہ ماحول میں مخلوط پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور نوجوان لڑکے لڑکیوں کا ایک ہفتے تک دن اور رات کو مخلوط پروگراموں جن میں رات کو کیمپ فائر ،مختلف مقامات پر رات کو کیمپنگ کا انعقاد اور دیگر پروگرامات منعقد کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :