ملک میں خریف کی فصل کیلئے پانی کی کوئی قلت نہیں، لیاقت جتوئی

جمعرات 7 جون 2007 19:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جون۔2007ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی لیاقت علی جتوئی نے کہا ہے کہ ملک میں خریف کی فصل کیلئے پانی کی کوئی قلت نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ارسا نے اجلاس کو پانی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 4.7 ملین ایکڑ فٹ پانی کا ذخیرہ موجود ہے یہ ذخیرہ گزشتہ سال کی نسبت 0.7 ملین ایکڑ فٹ زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خریف کی فصل کیلئے پانی کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے اس حوالے سے صورتحال ہر حوالے سے اطمینان بخش ہے۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس بھی صوبوں کو خریف کی فصل کیلئے خاطر خواہ پانی فراہم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پانی زندگی کی حیثیت رکھتا ہے صوبوں کیلئے اس کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکا جائے اور اس کا درست استعمال یقینی بنایا جائے پانی کی تقسیم کے حوالے سے صوبوں کے مابین گفت و شنید کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے سیکرٹری اسماعیل قریشی، ریاض احمد خان، ممبران ارسا اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :