ٹوبہ ٹیک سنگھ میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی‘ 100 گھر منہدم‘ 6افراد جاں بحق‘ 50 سے زائد زخمی،علاقے میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا‘ سڑکیں بند‘ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام درہم برہم‘ ایمرجنسی نافذ کردی گئی

منگل 19 جون 2007 12:32

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار19 جون 2007) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے کمالیہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی‘ سو سے زائد گھر منہدم ہوگئے‘ چھ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے‘ کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے‘ نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا‘ سڑکیں بند‘ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام درہم برہم ہوگیا‘ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شدید بارش جاری ہے طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق طوفانی بارش سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے کمالیہ میں سو سے زائد گھر منہدم ہوگئے جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ڈیڑھ بجے کے قریب طوفانی بارش شروع ہوئی جو منگل کی صبح ساڑھ آٹھ بجے تک جاری رہی، طوفانی بارش کی وجہ سے محلہ بلال گنج کچی آبادی کے ایک سو سے زائد مکانات منہدم ہو گئے، اس علاقے میں کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا، محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو اہلکاروں نے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا ، کمالیہ کے مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے سے دو خواتین سمیت چھ افراد ہلاک اور 50زخمی ہو گئے،گردونواح کے د یہات میں بھی درجنوں کچے مکانات منہدم ہو گئے، قصور ، چونیاں، اوکاڑہ،پتوکی، کوٹ رادھا کشن ، ساہیوال، ہڑپہ ،چیچہ وطنی اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہو ئی ۔

(جاری ہے)

ادھر ساہیوال کے چک 11/20 ایل میں دیورار گرنے سے9 سالہ لڑکا وسیم ہلاک جبکہ اس کا چھوٹا بھائی امیر حمزہ زخمی ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے دو روز تک جاری رہے گا۔