اقتصادی ترقی کی وجہ سے بجلی کی ضروریات میں دس فیصد سالانہ کا اضافہ ہو رہا ہے ،وزیر اعظم،درجہ حرارت میں کمی اور ڈیموں میں پانی بڑھنے کی وجہ سے ملک میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے، چیئر مین واپڈا

منگل 26 جون 2007 22:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران حاصل ہونے والی اقتصادی ترقی کی وجہ سے بجلی کی ضروریات میں دس فیصد سالانہ کا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے اور طلب ورسد کے درمیان فرق کم کرنے کیلئے مختصر اور طویل مدت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ یہ بات وزیر اعظم نے منگل کی سہہ پہر ملک میں بجلی کی صورتحال اور انڈیپینڈنٹ پاور پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ بلند اقتصادی ترقی دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی ، صنعتی سرگرمیوں میں اضافے اور معیار زندگی میں بہتری کی وجہ سے بجلی کی ضروریات میں اضافہ ہوا ہے ، حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہری اور تجارتی صارفین کو درپیش مشکلات کم کی جاسکیں ، وزیر اعظم نے نجی اور سرکاری شعبے میں شروع کئے جانے والے نئے آئی پی پیز کی پیش رفت کا جائزہ لیا جو تعمیر اور تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے ، انہوں نے پی پی آئی بی کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں پر کام کی رفتار میں تیزی لائے انہوں نے متعلقہ سرکاری محکموں کے درمیان بہتر روابط کی ضرورت پر زوردیا ۔

(جاری ہے)

تاکہ ان منصوبوں پر تیز رفتار بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل مقررہ وقت کے اندر یقینی بنائی جائے اور ان کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں ، وزیر اعظم نے قبل ازیں واپڈا کو سو میگا واٹ پاور پلانٹ تیز رفتار بنیادوں پر لیز پر حاصل کرنے کیلئے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے مزید اقدامات پر غور کیا گیا، وزیر اعظم کو واپڈا کی طرف سے پرانے پلانٹس کی جگہ گدو میں نئے پلانٹس نصب کرنے کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا ، جس سے بجلی کی پیداوار میں 300 میگا واٹ اضافہ ہو جائے گا ، پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم کو بتایا کہ2008-09ء تک اٹھارہ آئی پی پیز کے منصوبے زیر غور ہیں اور ان سے بجلی کی پیداوار میں 3350 میگا واٹ کا اضافہ ہوگا جس سے بجلی کی ضرورت اور فراہمی کے درمیان فرق کم کرنے میں مدد ملے گی ، چیئر مین واپڈا نے اس موقع پر بتایا کہ درجہ حرارت کم ہونے اور ڈیموں میں پانی میں اضافے کی وجہ سے اس وقت ملک میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال جون کے مہینے میں بجلی کی ضروریات میں 15 سے 20 فیصد اضافہ ہوا ہے ، ابتدائی طورپر بجلی کی ضروریات میں ساڑھے سات سے آٹھ فیصد اضافے کا اندازہ لگایا گیا تھا ، اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ ، ڈپٹی چیئر مین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر ایم اکرم شیخ اور دیگر حکام نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :