Live Updates

عمران خان کی قاضی حسین احمد سے ملاقات ،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،اے پی سی،صدر کے موجودہ اسمبلیوں سے منتخب ہونے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

اتوار 1 جولائی 2007 23:22

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جولائی۔2007ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز منصورہ میں متحدہ مجلس عمل کے صدر اور جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین سے ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، اے پی سی جنرل مشرف کے موجودہ اسمبلیوں سے منتخب ہونے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید منور حسن اور تحریک انصاف پنجاب کے صدر احسن رشید بھی موجودتھے۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ لندن میں اے پی سی میں کوئی فیصلہ کیے بغیر اٹھنا مناسب نہیں ہوگا۔ اپوزیشن متفقہ طور پر ایسی حکمت عملی اختیار کرے کہ پرویز مشرف الیکشن سے قبل ہی رخصت ہوجائیں ۔ انہی اسمبلیوں سے دوبارہ صدارتی انتخاب کی متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے سخت مزاحمت کریں گے۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ حالیہ بحران میں لندن میں ہونے والی اے پی سی بنیادی اہمیت کی حامل ہے اس میں آئین و جمہوریت کی بحالی اور فوجی آمریت کے خاتمے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیے بغیر اٹھنا مناسب نہیں ہوگا۔

انہو ں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف نے انہی اسمبلیوں سے دوبارہ صدر منتخب ہونے یا موجودہ اسمبلیوں کاوجود ختم کرکے اپنی نگرانی میں انتخابات کی کوشش کی تومتحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے سخت مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کولندن میں اے پی سی میں متفقہ طور پر ایسی حکمت عملی اپنانی چاہئے کہ پرویز مشرف کی زیر نگرانی کچھ نہ ہو سکے اور وہ الیکشن سے پہلے ہی رخصت ہونے پر مجبور ہو جائیں ۔

اس موقع پر عمران خان نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں حتمی فیصلے ہونے چاہیں اور بینظیر بھٹو کو اے پی سی میں ضرور شریک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اے پی سی میں شریک ہوں تو زیادہ بہتر فیصلے ہوں گے۔ وہ شریک نہ ہوئیں تو فیصلے تو بہرحال کیے ہی جانے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی زیر نگرانی منصفانہ انتخابات نہیں ہو سکتے لیکن اپوزیشن کومتفقہ طور پرفیصلہ کرناچاہئے کہ الیکشن لڑنا ہے یا پرویز مشرف کی موجودگی میں الیکشن کی مزاحمت کرنی ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے بلوچستان ،سندھ ،سرحد اور پنجاب میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی مالی نقصانات پر گہرے رنج اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اپنی سیکورٹی پرکروڑوں روپے خرچ کرنیو الے حکمران متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات