افغانستان‘ نیٹو طیاروں کی جنازے پر بمباری‘ امریکی فوج کی کارروائی‘ 35 شہری‘ 33 طالبان ہلاک

قندھار میں نیٹو فوج کا قافلہ سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گیا‘ 4 اہلکار زخمی ہو گئے

ہفتہ 7 جولائی 2007 12:45

افغانستان‘ نیٹو طیاروں کی جنازے پر بمباری‘ امریکی فوج کی کارروائی‘ ..
کابل (ظ) افغانستان میں نیٹو طیاروں کی جنازے پر بمباری اور امریکی افواج کی کارروائی میں 35 افغان شہری اور 33 طالبان ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب قندھار میں نیٹو کا فوجی قافلہ سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 4 فوجی زخمی ہو گئے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے مشرقی صوبے کنٹر میں داتاپور گاؤں میں نیٹو کے لڑاکا طیاروں نے ایک جنازے پر بمباری کی جس میں 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔

مقامی لوگوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے اتحادی افواج کے ہاتھوں ہلاک ہونیوالے 10 افراد کی تدفین میں مصروف تھے کہ نیٹو کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کی جس میں مزید پچیس افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیٹو فوج نے کہا ہے کہ اس نے اس علاقے میں فضائی کارروائی کی ہے لیکن اسے سویلین ہلاکتوں کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جنوبی صوبے ارزگان میں امریکی افواج نے 33 طالبان کو ہلاک کر دیا ہے۔

افغانستان کے دفاعی حکام نے بتایا کہ گزشتہ شب طالبان نے ضلع چرچینو میں ایک پولیس چیک پوائنٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے بعد امریکی فوج نے کارروائی کی اور 33طالبان ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب جنوبی صوبے قندھار میں نیٹو فوج کا قافلہ سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ ان کی گاڑی تباہ ہو گئی۔ نیٹو فوج نے واقعہ کی تصدیق کر دی۔ تاہم زخمی ہونے والے اہلکاروں کی قومیت نہیں بتائی گئی۔