ہنگو ، حب اور ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں کا تعلق جامعہ حفصہ اور لال مسجد سے نہیں جوڑا جا سکتا ،یہ حکومت کی کھلی ناکامی ہے اور حکومت گولی اور بندوق کے زور پہ رٹ قائم کرنا چاہتی ہے لیکن عوام اب دباؤ برداشت کرنے کو تیار نہیں ،رضا ربانی

جمعرات 19 جولائی 2007 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔ 2007ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ ہنگو اور حب سمیت پورے ملک میں ہونے والے بم دھماکوں کا تعلق جامعہ حفصہ یا لال مسجد سے نہیں ہے بلکہ اصل صورت حال یہ ہے کہ حکومت اسلام آباد سمیت پورے ملک میں بم دھماکے روکنے میں ناکام ہو چکی ہے اس لئے اس وقت سب سے زیادہ ضروری ہے کہ جنرل پرویز مشرف قوم کی جان چھوڑیں اور نگراں حکومت کے زیر نگرانی صاف شفاف نئے انتخابات کروائے جائیں عوام کا مسئلہ خزانے میں مصنوعی طور پر شو کیے جانے والے 13ارب ڈالر نہیں ہیں بلکہ عوام باآسانی روٹی کپڑا اور مکان کا اصول چاہتے ہیں وہ جمعرات کی شام پیپلز سیکیرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی ، افاق خان شاہین ، اعجازدورانی ، فرزانہ بلوچ، سعید غنی ، ذوالفقار قائم خانی ، اصغر بہاری ، حبیب الدین جنیدی ، زائد شبیر ، کنیز فاطمہ و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

میاں رضا ربانی نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ مدت کے لئے صدر منتخب نہیں ہونے دیں گے اور جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر بھرپور تحریک چلائیں گے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حال ہی لندن میں بننے والے نئے اتحاد اور اے آر ڈی کا بھر پور خیر مقدم کرتی ہے ۔ اور اس اتحاد سے کسی بھی طرح عیلحدہ نہیں ہے ۔ میاں رضاربانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی کی چےئرپرس بے نظیر بھٹو انتخابات کے اعلان کے بعد شیڈول کے مطابق وطن واپس آئیں گی ہم فوجی حکومت سے سیاسی ڈائیلاگ فوج کو بیرکوں میں بھیجنے کے لئے کر رہے ہیں اور چور دروازے سے اقتدار میں آنا پیپلز پارٹی کا شیوہ نہیں ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے کیمپ پر کیے جانے والے بم حملے کی تحقیقات سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمیشن سے کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جولائی برسات کا موسم ہوتا ہے لیکن اس موسم میں حکومت نے خون کی ہولی کھیلی ہے ایک مزید سوال پر انہوں نے کہاکہ میں پیپلز پارٹی میں پیدا ہوا اور یہیں مروں گا پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں زمانہ طالب علمی سے پیپلز پارٹی کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہوں انہوں نے کہا کہ ملکی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری اور مہنگائی ہے ۔

اور یہ پریشانی عوامی منتخب حکومت ہی حل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکر1967ء جدوجہد کر رہے ہیں اور ضیاء الحق سمیت کوئی بھی آمر ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ کامعاملہ افہام و تفہیم او ربات چیت سے حل کیا جاسکتا تھا لیکن جس طرح وہاں لوگوں کے خون کی ہولی کھیلی گئی ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ ایک مزید سوال پر رضاربانی نے کہا کہ اگرجامعہ حفصہ اور لال مسجد کے واقعہ میں 15 سو لوگوں کو بلایا گیا ہے تو اس کی تحقیقات بلاتاخیر ہونا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :