Live Updates

عمران خان کے خلاف ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی ،ایشوز فریم ہوں گے ۔جواب دعوی داخل ریفرنس قابل سماعت نہیں بدنیتی پر مبنی ہے ۔عمران خان کے وکلاء کا موقف

جمعرات 26 جولائی 2007 14:06

اسلام آباد(ٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین26 جولائی2007) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ( ر) قاضی محمدفاروق نے ایم کیو ایم کی طرف سے تحریک انصاف کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی عمران خان کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی اس روز فریم آف ا یشو طے کئے جائیں گے جمعرات کو عمران خان کے ریفرنس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس ( ر) قاضی محمد فاروق کی سربراہی میں جسٹس نسیم سکندر اور جسٹس احمد خان لاشاری پر مشتمل پینل نے کی اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی وزیر مواصلات شمیم صدیقی سابق وفاقی وزیر صفوان اللہ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار  اسرار العباد حیدر عباس رضوی عابد علی امنگ اور دیگر ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ۔

جبکہ تحریک انصاف کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری افتخار احمد چوہدری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ایم کیو ایم کی طرف سے بیرسٹر حبیب الرحمن پیش ہوئے جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے سپریم بار کے سابق صدر حامد خان احمد اویس اور رانا وقاص نے نمائندگی کی اور عمران خان کی طرف سے جواب دعوی داخل کیا جس میں سات پوائنٹ اٹھائے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی میں 12مئی کو جو کچھ کیا گیا اس پر عمران خان نے جو احتجاج کیا یہ اس کا ردعمل ہے اس ریفرنس میں سپیکر نے امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا کیونکہ وزیر اعظم اور بعض ارکان کے خلاف ریفرنس سپیکر کے پاس موجود ہیں جو التواء میں پڑے ہیں اور یہ کہ یہ ریفرنس قابل سماعت نہیں ۔ عمران خان2002ء سے رکن اسمبلی ہیں اس عرصے میں ان کے خلاف کوئی ریفرنس نہیں لایا گیا اور اب جبکہ ساڑھے چار سال کا عرصہ گزر چکا ہے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت ریفرنس لایا گیا ہے جو انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ہے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ( ر) قاضی محمد فاروق نے فریقین کی رضا مندی سے ریفرنس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی اس روز فریم آف ایشوز طے کئے جائیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات