غلام مصطفی کھر کے پیپلز پارٹی کیساتھ اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان

اتوار 5 اگست 2007 17:03

اسلا م آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05 اگست 2007) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنماء و سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کی تحریک انصاف میں شمولیت کاامکان ۔ ذرائع کے مطابق غلام مصطفی کھرکی جانب سے پارٹی کی تبدیلی بے نظیربھٹوسے اختلافا ت کی وجہ سے ہوگی ۔ غلام مصطفی کھر خود کو پارٹی کی سنئیر راہنماؤں ہونے وجہ سے اہم فیصلوں میں اپنی شریک کئے جانے کا حقدار سمجھتے ہیں لیکن انہیں ایک عرصہ سے نظراندازکیاجارہا تھا جس کی وجہ سے وہ پارٹی قیادت سے ناراض تھے بے نظیر بھٹو اورصدر جنرل پرویز مشرف کے درمیان حالیہ ملاقات کے بعد انکی ناراضگی میں مزید اضافہ ہوا جس کاانہوں نے اپنے بیانات میں برملااظہار بھی کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق بے نظیر بھٹو کی جنرل پرویز مشرف سے ملاقات سے زیادہ دکھ انہیں اعتماد میں نہ لئے جانے کا ہے بے نظیر نے ہمیشہ فوج کے ساتھ روابط کیلئے انہیں استعمال کیا ۔

(جاری ہے)

ماضی میں شہید ڈوالفقار علی بھٹو بھی انہیں فوج سے رابطوں کیلئے قابل اعتماد ساتھی خیال کرتے رہے ذرائع نے بتایا کہ نومبر 2003 ء میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اورفوج کے مابین مفاہمت میں اہم کردار اداکیا تھا اور جس میں دونوں فریقین کے مابین اقتدار میں شراکت کی دس سال اضافہ کی تجویزدی تھی اس موقع پربھی انہوں نے صدرجنرل پرویز مشرف اور بے نظر بھٹو کے درمیان رابطوں کے پل کاکردار اداکرتے ہوئے دونوں شخصیات کے ساتھ بعض اہم ملاقاتیں بھی کی تھیں ۔

تاہم اس وقت وہ دونوں شخصیات کے مابین ملاقات کروانے میں ناکام رہے تھے ۔ذرائع نے کہا کہ بے نظیر کی جانب سے مفاہمت کی کوششوں میں شامل نہ کیا جانا انکے کیلئے ناقابل برداشت ہے جس سے انکی ناراضگی میں مزیداضافہ کیاہے اورانہوں نے پیپلز پارٹی چھوڑنے کیلئے غورشروع کردیاہے ۔ سیاسی حلقوں میں انکے مسلم لیگ (ن) سے رابطو ں کی اطلاعات بھی گردش میں ہیں تاہم پیپلز پارٹی کی حلیف پارٹی ہونے کی وجہ سے ان کا (ن) لیگ میں شامل ہونا ناممکن نہیں توانتہائی مشکل ضرورہے ۔

جبکہ تحریک انصاف اس وقت پیپلزپارٹی کی فوج کے ساتھ سیاسی مفاہمت کی پالیسیوں کی مخالفت کررہی ہے ۔ایسے میں تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ ممکن ہوسکتا ہے ۔تاہم سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اگروہ تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس سے تحریک انصاف کو فائدہ ہوگا۔