افغانستان میں نیٹو فوج کا 50 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ، خودکش حملے میں 3ہلاک، 5 زخمی

پیر 29 اکتوبر 2007 12:17

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2007ء) افغانستان میں نیٹو افواج نے پچاس سے زائد طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ہلمند میں ایک خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔ کابل میں نیٹو افواج کے ترجمان نے ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو اورزگان کے علاقے بلوچ میں طالبان نے افغان فوج اور اتحادی افواج کے قافلے پر حملہ کیا جس پر اتحادی افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

اتحادی افواج کو فضائیہ کی مدد بھی حاصل تھی چھ گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہنے والی جھڑپ میں پچاس سے زائد طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ پانچ سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں دو اتحادی فوجی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران متعدد طالبان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ادھر پیر کے روزجنوبی صوبے ہلمند کے علاقے لشکر گاہ میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو اس وقت دھماکے سے اڑالیا جب وہاں سے افغان پولیس کا قافلہ گزر رہا تھا،دھماکے کے نتیجے میں1پولیس اہلکار جبکہ2افغان شہری جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے ہلاک ہوگئے۔

دھماکا اس علاقے میں ہوا جہاں برطانوی فوج کا ہیڈ کوارٹر ہے تاہم حملے سے کوئی غیر ملکی متاثر نہیں ہوا۔کسی بھی گروپ کی جانب سے اب تک حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔ خودکش حملے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔