اسلامی جمعیت طلبہ کی اپیل پر صحافیوں پر پولیس تشدد اور پمرا آرڈیننس کیخلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا

جمعہ 23 نومبر 2007 15:30

لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 نومبر2007) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ نصر اللہ خان گورائیہ کی اپیل پر صحافیوں پر پولیس تشدد، نجی چینلز کی بندش اور پمرا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف گزشتہ روز ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں سیاہ پرچم لہرائے گئے اورآزاد کشمیر سمیت چاروں صوبائی ہیڈ کواٹرزاوربڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

جن میں مقررین نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانے کی بجائے کھلے دل کے ساتھ حقائق کا سامنا کرے اور نجی چینلز پر پابندی ختم کر کے پمرا ترمیمی آرڈیننس فی الفور واپس لیا جائے۔یوم سیاہ کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائینز اور گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ میں سیاہ پرچم لہرائے گئے اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

(جاری ہے)

سول لائنز کالج میں سینکڑوں طلبہ نے احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہورحافظ محمد حسان اور ناظم واثق چوہدری جبکہ سائنس کالج میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت ناظمِ کالج نیاز احمد باجوہ نے کی ۔اس موقع پر طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میڈیا کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔ حافظ محمد حسان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے اپنے اقدامات کے ذریعے عوام سے انکی آزادی تک چھین لی ہے ۔

اطلاعات تک ان کی آزادانہ رسائی پر قدغن لگا کر ملک میں فسطائیت اور فاشسٹ طرز عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ میڈیا پر پابندی کا فی الفور خاتمہ ملکی مفاد ہے ۔ حکومت اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کرے ۔ نجی چینلز کی نشریات بحال کی جائیں اور پمرا ترمیمی آرڈیننس واپس لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :