بائیکاٹ کرنے والےاوربطوراحتجاج انتخابات میں حصہ لینے والے اپنا اپنا کردارادا کررہے ہیں۔نواز شریف۔۔۔ حکومت کے دھاندلی کے منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش کریں گے۔ بے نظیر بھٹو

منگل 11 دسمبر 2007 12:00

واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 11 دسمبر2007 ) سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات سے بائیکاٹ کا مطلب ق لیگ کی جیت کو یقینی بنانا ہو گا اور جو پارٹیاں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہیں وہ بھی مشرف کے اقتدار کو کمزور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں بطور احتجاج انتخابات میں حصہ لینے میں کوئی حرج نہیں - اور دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ مشرف حکومت نے دھاندلی کا وسیع منصوبہ تیار کر لیا ہے لیکن وہ پاکستانی عوام اور اتحادی پارٹیوں سے ملکر اس دھاندلی کو ناکام بنانے کی کوشش کی جائے گی-ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے ایک امریکی ریڈیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا- نواز شریف نے کہا کہ اکثر پارٹیاں انتخابات میں اس لیے حصہ لے رہی ہیں کہ بائیکاٹ کا مطلب حکومتی مسلم لیگ کی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو پارٹیاں بائیکاٹ کر رہی ہیں وہ بھی صدر مشرف کے اقتدار کو کمزور کررہی ہیں لہٰذا احتجاجاً حصہ لینے والوں میں کوئی حرج نہیں ہے۔نواز شریف نے کہا کہ امریکہ کی سفیر این پیٹرسن نے ان سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکی سفیر نے تین نومبر کو آئین کی معطل کیے گئے ججوں کی بحالی میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی لیکن وہ اب بھی ان ججوں کی بحالی پر قائم ہیں۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ وہ احتجاجاً انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں لیکن کہا کہ مشرف حکومت نے دھاندلی کا وسیع منصوبہ تیار کیا ہے لیکن وہ پاکستانی عوام اور اتحادی پارٹیوں کے ساتھ مل کر اس دھاندلی کو ناکام بنانے کی کوشش کریں گی۔بینظیر بھٹو نے کہا کہ ان کی پارٹی نے عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی ہے اور وہ آئندہ بھی پاکستان میں تمام آئینی اداروں کے تحفظ کے لیے کوشش کرتی رہیں گی۔بینظیر بھٹو نے آنے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت العلمائے اسلام (فضل) کے ساتھ نتخاتی شراکت کو خارج از امکان قرارنہیں دیا۔

متعلقہ عنوان :