نواز شریف پانچ جنوری کو عام انتخابات سے بائیکاٹ کر سکتے ہیں،نجی ٹی وی کا دعویٰ

منگل 11 دسمبر 2007 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر۔2007ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی طرف سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے دباؤ پر انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد بعض سیاسی مبصرین نے یہ کہنا شروع کر دیا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ نواز شریف پانچ جنوری کو عام انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان بھی کر دیں اس سلسلے میں ایک نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی ) نے اپنے لاہور کے نمائندے کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سیاسی مبصرین اس رائے کا اظہار کررہے ہیں کہ نواز شریف نے اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں یہ کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور دیگر جماعتیں ہماری رائے سے اتفاق کریں اور اگر ضروری ہوا تو پانچ جنوری کو انتخابات کے بائیکاٹ کااعلان کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے اس اچانک اعلان کے بعد جماعت اسلامی تحریک انصاف اور محمود خان اچکزئی نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں واضح پالیسی اپنانی ہوگی اور پانچ جنوری تک انتظار نہیں کیا جاسکتا اس لئے ہم نواز شریف کی رائے سے اتفاق نہیں کرتے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور پانچ جنوری کے قریب اس بات کا امکان ہے کہ وہ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔