نگران وزیراعظم کا مولانا سمیع الحق سے رابطہ ، اقبال ظفر جھگڑا نے بھی نواز شریف کا پیغام پہنچایا

ہفتہ 29 دسمبر 2007 16:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2007ء) نگران وزیراعظم میا ں محمد سومرو نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ سینٹیر مولانا سمیع الحق سے رابطہ کرکے موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا ، ٹیلیفون پر بات چیت کے د وران دونوں رہنماؤں نے موجودہ حالات میں امن وامان اور قومی یکجہتی کیلئے فوری اقدامات کی اہمیت پراتفاق کیاوزیراعظم میاں محمد سومرو نے مولانا سمیع الحق پرزوردیاہے کہ وہ بھی ان حالات میں موثر کردار ادا کریں وزیراعظم کی اس سلسلے میں مولانا سمیع الحق سے تفصیلی ملاقات بھی متوقع ہے اس سے قبل سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے بھی مولانا سمیع الحق سے رابطہ کیا اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیالات کیا اورمیاں نوازشریف کا پیغام اُن تک پہنچایا ، مولانا سمیع الحق نے عبوری وزیر اعظم محمد سومرو اورمیاں محمد نوازشریف کے علاوہ پیپلزپارٹی اور ملک کی تمام بڑی اور چھوٹی سیاسی دینی جماعتوں کے سربراہان پر زور دیا ہے کہ وہ حکومتی ہو یا اپوزیشن سے تعلق رکھتے ہوں ملک کی بقاء ویکجہتی کو تباہ کرنے والی موجودہ صورتحال میں فوری طورپر اکھٹے ہو کر مل بیٹھیں اور سرجوڑ کر ملک کو بچانے کالائحہ عمل طے کریں کیونکہ یہ وقت باہمی اختلافات اورسیاسسی وابستگیوں کا نہیں بلکہ ان ساری چیزوں سے ہٹ کر پاکستان میں لگائی آگ سے نکل کر پائیدار جمہوریت ، امن وامان اورچاروں صوبوں کی یکجہتی اور وفاق کو برقرار رکھنے کا ہے اور ملک کے تمام سیاستدانوں ، دانشوروں اورقومی لیڈروں پر یکساں ذمہ داری عائد ہوتی ہے ادھر سینٹیر مولانا سمیع الحق نے بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زار داری ، مخدوم امین فہیم اور پیپلزپارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں سے رابطہ کرکے اس المناک سانحہ پر تعزیت کی اس ضمن میں جمعیت علماء اسلام کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تعزیتی کیلئے نوڈیرو ، لاڑکانہ جارہا ہے ۔