ق لیگ والے شکست کے خوف سے جلاؤ ‘گھیراؤ کی سازش کرکے الیکشن کو مزید التواء کا شکار کرنا چاہتے ہیں ‘بلال احمد ورک

اتوار 6 جنوری 2008 13:31

مانانوالہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 06. جنوری2008 ) حلقہ این اے136سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار و چوہدری بلال احمد ورک نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان پر عمل پیرا ہوئے بغیر ملک بھنور سے نہیں نکل سکتا ۔قوم کو معاشی بدحالی اور بدامنی کی آگ میں دھکیلنے والی (ق) لیگ قائداعظم کی جماعت ہونے کا نام نہاد دعویٰ کرکے بانی پاکستان کی روح کو تڑپانے اور قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

پاکستان کا نعرہ لگانے والے چوہدری برادران بتائیں کہ کیا قائد اعظم محمد علی جناح نے ہائے آٹا ‘ہائے گھی ‘ہائے گیس پکارنے ‘چلانے اور خون میں لت پت پاکستان کا خواب دیکھا تھا؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روزپریس کلب مانانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ‘ اے پی ڈی ایم اور اے آرڈی کے جماعتیں مکمل طورپر پر امن ہیں جبکہ عبرتناک شکست کے خوف سے (ق) لیگ والے ہی توڑ پھوڑ ‘جلاؤ ‘گھیراؤ کی سازش کرکے الیکشن کو مزید التواء کا شکار کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جمہوریت پسند قوتیں صحیح طریقے سے نظام حکومت نہ چلا سکنے پر مستعفی ہو جاتی ہیں لیکن یہاں پاکستان جل رہا ہے اورپھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام میں کثرت سے قرآن پاک کی تلاوت کریں اور شہدا کربلا کی عظیم قربانیوں سے صبر کا سبق سیکھتے ہوئے خود شر پسند عناصر کامحاسبہ کریں۔

متعلقہ عنوان :