ن لیگ کا ہزاروں قبائلی عوام کی افغانستان ہجرت پر تشویش کا اظہار، ڈکٹیٹر شپ کے خاتمے اور پاکستان کو بچانے کیلئے عوام کو آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں۔جاوید ہاشمی

بدھ 9 جنوری 2008 12:17

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 09. جنوری2008 ) مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 55 سے قومی اسمبلی کے امیدوار مخدوم جاوید ہاشمی نے ملک و قوم کو درپیش تمام بحرانوں کی ذمہ داری صدر مشرف اور ق لیگ پر عائد کرتے ہوئے ہزاروں قبائلی عوام کو افغانستان ہجرت پر سخت تشویش کا اظہارکیا اور کہا ہے کہ ڈکٹیٹر شپ کے خاتمے اور پاکستان کو بچانے کیلئے عوام کو آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں- ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات مرکزی الیکشن آفس میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کے افغانستان پر قبضہ کے دوران 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین نے پاکستان میں پناہ لی تھی لیکن موجودہ حکمرانوں کی بربریت اور امن وامان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے تاریخ میں پہلی بار ہزاروں قبائلی افغانستان ہجرت کر گئے ہیں ان سینکڑوں خاندانوں میں کثیر تعداد میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں جو پہلی بار کسی ملک میں مہاجر کی حیثیت سے منتقل ہوئے ہیں اور ن ظالم و جابر حکمرانوں کی وجہ سے آج پوری قوم کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہاکہ عوام فاقہ کشی سے مر رہے ہیں انہیں آٹا نہیں مل رہا نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ ایک دوسرے سے آٹے کی بوریاں چھینی جا رہی ہیں خوراک سٹور کرنے والے گوداموں پر حملے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے بچے بوڑھے بھوک سے تڑپ رہے ہیں پورے ملک میں ہنگاموں سے تباہ کن صورتحال پیدا ہو رہی ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر کوئی جوں تک نہیں رینگ رہی ہے انہوں نے کہا کہ امریکی آلہ کار حکمرانوں نے ہماری قومی غیرت اور ملکی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ عوام مشرف کے حامیوں کے گھروں میں جا کر پوچھیں کہ وہ ملک کا سودا کرنے والوں کے دلال کیوں بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مشرف کی بجائے پاکستان بچانے والوں کا ساتھ کیوں نہیں دیتے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف واحد قومی قیادت ہے جو ملک کو بچا سکتے ہیں اس لیے عوام ان کا ساتھ دیں اور 18 اکتوبر کو ملکی مفاد میں مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان شیر کو ووٹ دیں اجلاس سے حلقہ پی پی گیارہ سے صوبائی امیدوار ضیاء اللہ شاہ اور حلقہ پی پی بارہ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار شہر یار ریاض سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے وفاق کو غیر مستحکم ‘صوبوں کو کو آس میں لڑانے اور ملک میں نسلی و لسانی منافرت پھیلانے والے عناصر کی شدید الفاظ میں مذمت کی-