الیکشن منصفانہ ہوئے تو پیپلزپارٹی ملک کی واحد اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی،فرحت اللہ بابر

جمعرات 24 جنوری 2008 16:21

چکوال(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 24. جنوری2008 ) پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پارٹی کی اس وقت تمام تر توجہ اٹھارہ فروری کے انتخابات پر ہے اور پارٹی کی پوری کوشش ہے کہ یہ الیکشن شفاف منعقد کرائے جائیں اور اس ضمن میں پیپلزپارٹی اندرونی اور بین الاقوامی سطح پر حکومت پر دباؤ بڑھارہی ہے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بے نظیر بھٹو شہید کے سات فروری کو ہونیوالے چہلم کے بعد پنجاب کا دورہ کرینگے اور گیارہ دن پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گے اسلام آباد سے چکوال پریس کلب میں ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو شہید کے قاتلوں کو بے نقاب کے بغیر نہ ہی ملک کے سولہ کروڑ عوام چین سے بیٹھیں گے اور نہ ہی پاکستان پیپلزپارٹی اس ضمن میں کوئی ڈھیلا موقف سامنے لائے گی انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی تفتیش اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کروانے کے لیے پارٹی نے اپنی مختلف ٹیمیں بیرونی ممالک روانہ کردی ہیں اور اس ضمن میں زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے اور حکومت پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لیے تمام ذرائع استعمال کیے جائینگے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور دیگر قیادت کی سرپرستی میں مکمل طورپر متحد ہے اور ملک کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرے گی انہوں نے دعوی کیا کہ اگراٹھارہ فروری کے الیکشن منصفانہ ہوئے تو پیپلزپارٹی ملک کی واحد اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی انہوں نے کہا کہ اٹھارہ فروری کے نتائج کے بعد ہی پیپلزپارٹی کی قیادت حکومت سازی اور دیگر معاملات پرمشاورت کرے گی اور تما ہم خیال سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔

متعلقہ عنوان :