صوبہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، قلات میں شدید برفباری سے بیشتر دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

ہفتہ 2 فروری 2008 12:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری۔2008ء) صوبہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ قلات میں شدید برفباری سے بیشتر دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔ تربت میں ‌بارش کے باعث ندی نالوں ‌میں ‌طغیانی سے کراچی اور تربت کے درمیان کوسٹل ہائی وے پر بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

بلوچستان میں کوئٹہ اور صوبے کے دیگر اضلاع لورالائی، چمن، پشین، مستونگ، قلات ، زیارت ، کان مہترزئی ، تربت اور دیگر شمال مشرقی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔کوئٹہ میں چار انچ سے زائد اور دیگر علاقوں میں ایک فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی ۔برف باری کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قلات میں اربوئی کے پہاڑوں پر ایک فٹ سے زائد برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری ، گلیات، شمالی علاقوں اور کشمیر کے پہاڑوں پر بھی آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران برفباری اور سندھ و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے