سوات کے علاقے سربانڈہ میں حملے کے بعدسیکورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں 25طالبان ہلاک ، ضلع بھر میں کرفیو نافذ، سین پوڑہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شر پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر فائرنگ، متعدد ہلاک ، شور اور غلگئی میں مکانات پر گولے گرنے سے خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات۔اپ ڈیٹ

بدھ 30 جولائی 2008 15:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی۔2008ء) سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے سین پوڑہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شر پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ جس کے نتیجے میں متعدد شر پسند ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب مٹہ کے علاقے شور اور غلگئی میں مکانات پر گولے گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ادھر تحریک طالبان سوات کے ترجمان مسلم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ڈیولی چیک پوسٹ سے یرغمال بنائے جانے والے تیس سیکیورٹی اہلکار وں کی قسمت کا فیصلہ شوری کے اجلاس میں کیا جا ئے گا۔

سوات میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ ہے ۔ اور تحصیل کبل اور مٹہ کے بالائی علاقوں میں فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سربانڈہ میں فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بیس سے پچیس شرپسند ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک طالبان سوات کے ترجمان حاجی مسلم خان نے مٹہ کے علاقے وینی، سربانڈہ میں جھڑپوں کے دوران بیس سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ۔

ادھر ذرائع کے مطابق شر پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے کے لئے ایف سی کی چار پلاٹون سوات بھیج دی گئی ہیں۔ اس سے پہلے مالم جبہ میں شر پسندوں نے محکمہ سیاحت کے ہوٹل اور سیکورٹی فورسز کے ریسٹ ہاوٴس کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا۔ چار باغ کے علاقے گولیباغ میں بھی ایک گرلز اسکول کو آگ لگادی گئی ۔ تمام واقعات کی ذمہ داری تحریک طالبان سوات نے قبول کرلی ہے