حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔ ان کی زندگی اب خطرے سے باہر ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا قومی اسمبلی میں خطاب\\

پیر 11 اگست 2008 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2008ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔ ان کی زندگی اب خطرے سے باہر ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ازبک، تاجک اور چیچن باشندے امن و امان کو تہہ و بالا کر رہے ہیں۔ جن کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران وزیرخارجہ نے کہا کہ حکومت شر پسند عناصر کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی۔

جو لوگ پرامن رہنا چاہتے ہیں ان سے بات چیت کا عمل جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر چوہدری نثار علی خان اور قائد حزب اختلاف چوہدری پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکہ سے واپسی کیلئے ایوان متفقہ قرارداد منظور کرے ۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائک نے ایوان کو تحریری طور پر بتایا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران مختلف مقدمات میں حکومتی دفاع کیلئے وکلاء کو چار کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔ فاٹا کے اراکین قومی اسمبلی نے قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن کے خلاف علامتی واک آوٴٹ کیا۔ اس کے بعد اجلاس کل شام پانچ بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔