برطانوی وزیر انصاف جیک سٹرا کی وزیراعظم گیلانی،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں،اتحادی فوج افغانستان سے باہر کارروائی نہیں کر سکتی،برطانیہ

منگل 16 ستمبر 2008 14:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2008ء) وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے ، اسلام آباد میں برطانوی وزیر انصاف جیک اسٹرا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔قبل ازیں انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے وزیر انصاف اور سابق وزیر خارجہ جیک اسٹرانے کہا ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق اتحادی فوج افغانستان سے باہرکارروائی نہیں کرسکتی،وہ اسلام اباد میں ایک فلاحی ادارے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امن صرف بندوق سے قائم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔کشمیر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا احترام سب پر لازم ہے ۔برطانیہ پاک بھارت مذاکرت کی پر زور حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرت کے ذریعے ہی مسئلہ کشمیر حل کیا جاسکتا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر برطانوی وزیر نے انسانی حقوق کے متعلق تربیتی کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔