مائیکل مولن کی یقین دہانی کے چند گھنٹوں بعد ہی تازہ حملے سے محسوس ہوتا ہے کہ امریکی اداروں میں رابطوں کی کمی ہے‘وزیر خارجہ۔۔امریکہ نے میزائل حملے کی پیشگی اطلاع نہیں دی تھی‘تعاون متاثر ہو سکتا ہے‘شاہ محمود قریشی

جمعرات 18 ستمبر 2008 15:35

اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18ستمبر2008 ) حکومتِ پاکستان نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسے جنوبی وزیرستان میں گزشتہ روز کے مبینہ میزائل حملے کی پیشگی اطلاع نہیں دی تھی اور اس طرح کے یک طرفہ حملوں سے حالات کی بہتری میں کوئی مدد نہیں ملے گی، قبائلی علاقوں میں القاعدہ موجود ہے جن سے امریکیوں کو خطرہ محسوس ہوتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کے روز وزارت خارجہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیکل مولن کی یقین دہانی کے چند گھنٹوں بعد ہی اس تازہ حملے سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ امریکی اداروں میں رابطوں کی کمی ہے۔

مائیکل مولن کا بیان اصل امریکی حکومتی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اس کی عزت کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے اس تاثر کی نفی کی کہ انہیں اس کارروائی کی پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں 22 ستمبر سے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے جانے والا پاکستانی وفد وہاں امریکی حکام سے اس موضوع پر بات کرے گا۔

اورہم ضرور پوچھیں گے کہ آخر افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے پہلے سے طے شدہ اصولوں کی امریکہ پاسداری کیوں نہیں کر رہا۔انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں القاعدہ اور طالبان عناصر موجود ہیں جن سے امریکیوں کو خطرہ محسوس ہوتا ہے۔تاہم ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام کریں اس کی خلاف ورزی نہ کریں۔

یہ ایک طویل جدوجہد ہے اور ہمیں ایک طویل مدتی پالیسی کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں اس تاثر کو مسترد کیا کہ ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ مذاکرات اور اعتماد سازی کا عمل رکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ کی اواخر میں ایک پاکستانی وفد کشمیر میں تجارت میں اضافے کے لیے مذاکرات کے لیے جائے گا جبکہ ان کی خواہش ہے کہ مظفرآباد کے چیمبر کا وفد بھی تجارت بڑھانے کے لیئے جلد سرینگر کا دورہ کرے۔ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی کی بندش کے معاملے پر انھوں نے کہاکہ اس پر بھارتی حکومت سے رابطے جاری ہے اور اسلام آباد میں نائب بھارتی سفیر نے انہیں صورتحال پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

متعلقہ عنوان :