شاہ محمود قریشی سے اومان کے سفیر ، آسٹریلوی اور کینیڈین نامزد ہائی کمشنرز کی الگ الگ ملاقاتیں ،دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال۔۔۔کینیڈا اور پاکستان کا سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ رابطے بڑھانے سے اتفاق

جمعہ 24 اکتوبر 2008 11:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 24اکتوبر 2008 ء) کینیڈا اور پاکستان نے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ رابطے بڑھانے سے اتفاق کیا ہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اومان کے سفیر محمد سید محمد، آسٹریلیا کی ہائی کمشنر زوریکا میکارتھی اور کینیڈا کے نامزد ہائی کمشنر رینڈولف مانک نے دفتر خارجہ میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخارجہ اوراومانی سفیر کے درمیان ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووٴں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلطنت اومان کی جانب سے عطیہ کردہ دو ہسپتالوں کو فوری طور پر چالو کرنے سمیت جاری منصوبوں پر پیش رفت زیر غور آئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد سے جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی اور آسٹریلیا کی ہائی کمشنر کے مابین ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی کے لئے تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر بات چیت کی گئی۔

کینیڈا کے نامز ہائی کمشنر کی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور زیر غور آئے فریقین نے آنے والے دنوں میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ رابطے بڑھانے سے اتفاق کیا۔