پشاور، مشہور مزاحیہ اداکار عالم زیب مجاہد نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا،باقی زندگی دین کی راہ میں گزارنے کا اعلان

اتوار 18 جنوری 2009 14:34

پشاور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18جنوری2009 ) پشتو ٹی وی ڈراموں اور سٹیج کے ایک مشہور مزاحیہ اداکار عالم زیب مجاہد نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہتے ہوئے باقی زندگی دین کی راہ میں گزارنے کا اعلان کیا ہے۔عالم زیب مجاہد نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اداکاری کی دنیا چھوڑ دیں گے اور باقی زندگی تبلیغ میں گزاریں گے۔

انہوں نے اس بات کی بار بار اور سخت الفاظ میں تردید کی کہ وہ کسی کے دباوٴ میں آکر فن کی دنیا کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔ ’میں نے اللہ تعالی سے وعدہ کیا تھا کہ اگر میں صحیح سلامت واپس گھر پہنچا تو باقی زندگی اسکی اطاعت میں گزاروں گا۔ تاہم مزاحیہ اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کن لوگوں نے اور کس مقصد کے لیے اغواء کیا تھا۔

(جاری ہے)

بی بی سی کے مطابق عالم زیب مجاہد کو ایک مذہبی شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد نے اغواء کیا تھا اور انہیں اس شرط پر آزاد کیا گیا کہ وہ آئندہ فن کی دنیا کو خیر باد کہہ کر تبلیغی جماعت کے ساتھ وقت لگائیں گے۔

واضح رہے کہ صوبہ سرحد میں گلوکاروں اور اداکاروں پر حملوں اور ان کو دھمکیاں ملنے کا آغاز مذہبی جماعتوں پر مشتمل متحدہ مجلس عمل کی سابقہ حکومت کے دور میں شروع ہوا تھا۔ اور اس سے قبل مشہور گلوکار ہارون باچا نے حال ہی میں پاکستان چھوڑ کر امریکہ میں پناہ لے لی ہے جبکہ گلوکار گلزار عالم پہلے ہی گلوکاری کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :