شریف برادران کی ناہلی کے فیصلہ کے خلاف پنجاب میں احتجاج جاری ، لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ کے دوران مسلم لیگی کارکنوں نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر نعرے لگائے ، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا

اتوار 1 مارچ 2009 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2009ء) شریف برادران کی ناہلی کے فیصلہ کے خلاف پنجاب میں احتجاج جاری ہے اور اتوار کو بھی مختلف شہروں میں احتجا ج کیا گیا ، لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ کے دوران مسلم لیگی کارکنوں نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر نعرے لگائے ، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، لاٹھی چارج میں تین افراد زخمی ہوئے ۔

ملتان میں شریف برادران کی نااہلی کے خلاف ایم ڈی چوک اور ڈبل پھاٹک پر ہونے والے مظاہرے میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرمظاہرین نے دھرنا بھی دیا مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی ۔ راولپنڈی میں رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز خان اور دیگر نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ افتخا ر چوہدری کی بحالی اور شریف برادران کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

مقررین کاکہناتھاکہ پنجا ب اور مرکز میں نواز لیگ کی حکومت ہو گی ۔اٹک میں شریف برادران کی نااہلی اور پنجاب میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف مسلم لیگ یوتھ ونگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی ۔ریلی سے خطاب میں مقررین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی مذمت کی اورکہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک سیاسی فیصلہ ہے اور پاکستانی عوام اسے تسلیم نہیں کرتے ۔شریف برادران کی نااہلی کے خلاف ملتان میں مسلم لیگ نواز کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔چونگی نمبر نو پر ہونے والے مظاہرے میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔