فرینڈز آف پاکستان کا 5.28 ارب ڈالر امداد دینے اور ایران کا گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کرنے کا اعلان، امریکہ 1.5 ارب، جاپان ایک، سعودی عرب 700 ملین ڈالر، ایران 330 اور ترکی 100 ملین ڈالر غیر و مشروط امداد دے گا، ڈونرز کانفرنس منعقد کرنے پر جاپانی حکومت کے شکرگزار ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

جمعہ 17 اپریل 2009 14:21

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل ۔2009ء) فرینڈز آف پاکستان کے اجلاس میں پاکستان کو5.28 ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکہ 1.5 ارب، جاپان ایک ارب، سعودی عرب 700ملین ڈالر، ایران 330ملین اور ترکی 100ملین ڈالرکی غیرومشروط امداد دے گا۔ ایران نے کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے گیس پائپ لائن منصوبہ جلد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے اور پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کا بھرپور شکریہ ادا کرتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اجلاس میں شریک ممالک نے پاکستان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان تمام ممالک اور خصوصاً جاپان کا شکریہ گزار ہے جس نے فرینڈز آف پاکستان کے اجلاس کی میزبانی دی۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جاپان ایک ارب ڈالر امداد اور امریکہ نے 1.5ارب ڈالر پانچ سالوں میں دینے کے علاوہ ایک ارب ڈالر مزید دینے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ سعودی عرب نے 700ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

ترکی نے مالی امداد کے اعلان کے ساتھ ساتھ فرینڈز آف پاکستان کی دوسری میٹنگ استنبول میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوست ممالک کے ساتھ ملکر دوسرے اجلاس میں ان کو شرکت کرنے کی دعوت دی جارہی ہے۔انہوں نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایران نے ڈونرز کانفرنس میں پہلی مرتبہ کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کرے گا ۔

انہوں نے کہاکہ ایران نے 330ملین ڈالر اور ترکی نے 100ملین ڈالر دینے کا اعلان بھی کیا ہے ۔ ان ممالک کے علاوہ دیگر ممالک نے بھی پاکستان کی مدد کرنے کااعلان کیا ہے وزیرخارجہ نے کہاکہ اجلاس میں دوست ممالک کو بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کتنا نقصان اٹھانا پڑا اوراس حوالے سے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس کے بعد دوست مالک نے پاکستان کے ساتھ لمبے عرصے تک تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ امداد غیرمشروط ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امداد فوری طورپر شروع ہو گی اور آئندہ دو سال کے دوران ادا کی جائے گی ۔ فرینڈز آف پاکستان کے دوسرے اجلاس کی تاریخ کا اعلان ترکی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔