جرمن کمپنی کا پاکستان میں سورج ہوا اورپانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار،چار سے چھ ہفتوں میں پنجاب میں پہلی ونڈ مل لگانے کا اعلان

منگل 2 جون 2009 14:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔02جون 2009 ء) جرمنی کی ایک کمپنی نے پاکستان کے ساتھ ملکر سورج  ہوا اورپانی سے توانائی پیدا کرنے کے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا ہے۔جرمن کمپنی ہینڈل سروسز کنسلٹنگ کے چیف ایگزیکٹو افسر ایکسل پلفکے نے سرمایہ کاری کیلئے اعزازی قونصلر مہر محمد یوسف چاند کے ہمراہ وزارت سرمایہ کاری کا دورہ کیا اور وزیرمملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سلیم ایچ مانڈی والا سے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیرمملکت نے کہاکہ جاپانی کمپنیاں اور تاجر پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔پاکستان واحد ملک ہے جس میں 100فیصد سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے اور منافع لے جایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں منافع کی شرح 30سے پچاس فیصد تک ہے۔ کمپنی کے عہدیداروں نے کہاکہ وہ پاکستانی اداروں کے ساتھ ملکر مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور خود سکیورٹی خدشات کے باعث دور رہنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کے بارے میں منفی تاثر دور کرنے کیلئے اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ چار سے چھ ہفتے میں پہلی ونڈ مل پنجاب میں لگائی جائے گی جس سے ٹیوب ویل چلائی جاسکیں گے۔وفد نے پچاس میگاواٹ کی ایک ونڈ مل لگانے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا اور وزیرمملکت نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔