جاگیر دارانہ نظام کے خاتمے تک ذوالفقار بھٹو شہید کے خوابوں کی تعبیر مکمل نہیں ہو سکتی ‘جہانگیر بدر

جمعرات 12 نومبر 2009 18:58

چھانگا مانگا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 نومبر ۔2009ء) پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ جاگیر دارانہ نظام کے خاتمے تک شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خوابوں کی تعبیر مکمل نہیں ہو سکتی ‘پرویز مشرف جھوٹا اور مکار شخص ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب چھانگا مانگا کے چیئر مین ریاض احمد خاں منج کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جہانگیر بدر نے کہا کہ حکومت عوام اور افواج پاکستان نے جس طرح ڈٹ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے میں ان کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں اور انشاء اللہ تعالی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ اور جاگیر دارانہ نظام کو ختم کرنے کیلئے عوام اٹھ کھڑے ہوں جہانگیر بدر نے کہا کہ پرویز مشرف جھوٹا اور مکار شخص ہے انہیں صدر آصف علی زرداری پر انگلی اٹھانے سے قبل اپنا گریبان جھانکنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ چینی بحران شوگر ملز مالکان کا پیدا کردہ ہے چاہے وہ میاں ہو چاہے چوہدری یا بابا ہو حکومت چینی بحران پر بھی لوڈ شیڈنگ کیطرح جلد قابو پا لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ این آر او بوڑھا ہو چکا ہے اور ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکا ہے ۔ جہانگیر بدر نے چھانگا مانگا کے صحافیوں میڈیا کی کارکردگی کو سراہا اور اچھی کوریج کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر پیر سید ناظم حسین شاہ بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :