ایک سال این آر او سمیت کئی اہم فیصلے دیئے،چیف جسٹس،آزاد عدلیہ کی کامیابی تب ہوگی جب غریب عوام کی انصاف کی رسائی ممکن ہو گی، نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 6 مارچ 2010 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔6مارچ۔ 2010ء) پاکستان کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے بحالی کے پہلے سال کے دوران عدلیہ کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے لیکن اصل کامیابی تب ہوگی جب غریبوں اور عام عوام کی انصاف کی رسائی ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

کراچی میں عدلیہ کی بحالی کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد ہونیوالے نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی بحالی کے بعدایک سال کے دوران عدلیہ نے اہم فیصلے دیئے، قومی جوڈیشل پالیسی وضع کی گئی، پی سی اوججوں کوفارغ اور این آراوکو غیرآئینی قراردیاگیاجبکہ آمر کے جاری کردہ قوانین کو ایکٹ بنانے کیلئے پارلیمنٹ کو موقع دیاگیا،اسکے باوجودابھی تک منزل دورہے۔

جب تک خواص کے ساتھ ساتھ عوام اور غریب لوگوں تک انصاف کی رسائی ممکن نہیں ہوتی ہماراہدف مکمل نہیں ہوگا۔چیف جسٹس نے کہا رپورٹس میں مذکورہ کارکردگی پر اطمینان کرکے بیٹھنا مناسب نہیں بلکہ ابھی بہت سے عملی اقدامات اور جدوجہد کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا عدلیہ کو اپنی خامیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔عوامی مفاد کے ہر کیس پر فوری ایکشن لینے سے قبل اس کی جانچ پڑتال کی جائے کیونکہ شکایت کرنے والے کا بیان غلط بھی ہوسکتا ہے۔اجلاس شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔