وی اے ٹی کے نفاذ سے مہنگائی نہیں ہوگی، ایف بی آر

جمعرات 20 مئی 2010 17:08

وی اے ٹی کے نفاذ سے مہنگائی نہیں ہوگی، ایف بی آر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مئی۔2010ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر پالیسی ڈائریکٹ ٹیکس اسرار رؤف نے کہا ہے کہ ویٹ کے نفاذ سے ملک میں کوئی مہنگائی آئے گی اور نہ تاجروں کے لئے نئے مسائل پیدا ہوں گے بلکہ اس کے لاگو ہونے سے چند چیزوں کی قیمتیں سستی ہوں گی اور تاجروں کو بہت سے ٹیکس معاملات میں سہولت میسر آئے گی ۔ تاجروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صارفین اس وقت خریداری پر 16سے 17فیصد سیلز ٹیکس ادا کرتے ہیں، جبکہ سی این جی 25فیصد، ٹیلی کام سروسز 19.5فیصد اور سٹیل میلٹرز 21فیصد سیلز ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

لیکن ویٹ کا 15فیصد یکساں ریٹ نافذ ہونے سے ان چیزوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہونی چاہیے۔ اسرار رؤ ف نے کہا کہ ویٹ نافذ کرنے کی وجہ سے حکومت کو شروع میں 50 ارب روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ سروسز پر ویٹ کے لاگو ہونے سے حکومت کے مجموعی ٹیکس ریونیو میں 120ارب روپے سے لے کر 150ارب روپے تک اضافہ متوقع ہے جبکہ بعض اندازوں کے مطابق ٹیکس ریونیو میں 300 ارب روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ویٹ کو ایک مثبت تبدیلی کے طور پر لیں کیونکہ اس ٹیکس کے نفاذ سے بزنس کمیونٹی کیلئے کوئی نئے مسائل پیدا نہیں ہوں گے بلکہ بہت سے ٹیکس معاملات میں ان کو سہولت میسر آئے گی۔

متعلقہ عنوان :