مسلم لیگ (ن) ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لے گی جس میں پرانے ورکرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ

پیر 26 جولائی 2010 19:20

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جولائی۔2010ء) سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہی ہے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لے گی جس میں پرانے ورکرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مخلص سیاسی کارکنوں کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دروازے کھلے ہیں تاہم موقعہ پرستوں اور مشکل وقت میں عوام کو چھوڑجانے والوں کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ریکارڈ فنڈز 193.50 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 56 فیصد مختص کر کے وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) ملتان ڈویژن کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محترمہ تہمینہ دولتانہ ،خواجہ سعد رفیق وکمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ پنجاب کا موجودہ مالی سال کے دوران عوامی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے موجودہ مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 580 ارب روپے ہے اور یہ پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام ہے اور اس کا فوکس دور دراز کے پسماندہ علاقوں کے غریب عوام ہیں۔