پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات درپیش ہیں،یہ وقت سیاست کا نہیں، مسلمانوں کو حوصلے دینے کا ہے، حکمرانوں و سیاست دان سمیت عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے، نازک حالات میں امریکہ و یورپ کی خوشنودی کیلئے مایوسیاں پھیلانے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام دنیاجلد دیکھے گی،جماعةالدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید کا نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

جمعہ 8 فروری 2013 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8فروری۔ 2013ء) جماعةالدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات درپیش ہیں،جس راستہ پر چل کر نبی مکرم نے مدینہ کا دفاع کیا تھا اسی طریقہ پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کا دفاع ممکن ہے،یہ وقت سیاست کا نہیں مسلمانوں کو حوصلے دینے کا ہے امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہو جائے حکمرانوں و سیاست دانوں سمیت عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے نازک ترین حالات میں امریکہ و یورپ کی خوشنودی کیلئے مایوسیاں پھیلانے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام دنیا ان شا ء اللہ جلد دیکھے گی۔

(جاری ہے)

وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے چند عبادات کا مجموعہ نہیں ہے نبی اکرم نے نماز، روزہ، حج اور زکوٰة کی طرح ملکوں کے دفاع کا طریقہ بھی سکھایا ہے جس طرح ریاست مدینہ کو یہودیوں اور مشرکین مکہ کی سازشوں کا سامنا تھا اور اللہ کے نبی کو چومکھی لڑائی لڑنا پڑی آج پاکستان کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران امریکہ و یورپ سے تعلقات خراب ہونے سے ڈرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم معاشی طور پر کمزور ہیں۔

دنیا ناراض ہو جائے گی تو پھر ہم ملک کے سیاسی و معاشی نظام کیسے چلا سکیں گے؟ یہ سوچ درست نہیں ہے اہل اقتدار کو چاہیے کہ وہ کفار کی سازشوں کو سمجھیں، مدینہ کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور سیرت رسول کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں انہوں نے کہاکہ امریکہ، بھارت، اسرائیل اور ان کے اتحادی چاروں اطراف سے پاکستان کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔

وہ مسلمانوں کی تاریخ سے بخوبی واقف ہیں اور یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ جب مسلمان قربانیوں کا راستہ اختیار کر لیں تو پھر ان کا مقابلہ کسی صورت ممکن نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ آج انہیں اپنے نظام و قوانین بکھرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور وہ دنیا بھر میں اپنی دہشت گردی کو قائم رکھنے کیلئے مذموم منصوبوں پر عمل پیرا ہیں لیکن مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں ان کے پھیلائے ہوئے سازشوں کے سبھی جال کٹ رہے ہیں روس کی طرح اتحادیوں کو بھی افغانستان میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے آنے والے دور میں اسلام ان شا ء اللہ دنیا کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گا حافظ محمد سعید نے کہاکہ لاا لہ الا اللہ کی بنیاد پر مسلمانوں اور دنیائے کفر میں دشمنیاں بڑھتی جارہی ہیں پاکستان کا جرم بھی یہی ہے کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے۔

ڈرون حملے، فرقہ وارانہ لڑائیاں،تخریب کاری اور بم دھماکے اسی جنگ کا حصہ ہیں جو دس سال سے اس خطہ میں لڑی جارہی ہے حکمران بیرونی قوتوں کی سازشوں کا توڑ کرنے کی بجائے مسلط کردہ جنگ کو ٹالنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ملکی سلامتی و خودمختاری سے مت کھیلیں اسلام وپاکستان کے دفاع کیلئے جرأتمندانہ کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے دنیا میں کوئی خطہ ایسا نہیں ہے جہاں دین اسلام کی دعوت پھیلانے کی اس قدر آزادی ہو ہم وطنیت اور قومیت پرستی کے قائل نہیں ہیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک کا تحفظ اسلا م کا دفاع کرنا ہے۔