سیاستدان نگران وزیراعظم کا معاملہ حل نہیں کرسکتے تو مسئلہ کشمیر کیسے حل کریں گے‘ نگران وزیراعظم کے معاملے پر خاصی پیش رفت ہوئی ہے حتمی طور پر کمیٹی نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ کرلے گی، نگران وزیراعظم کی تقرری کیلئے کام کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے رکن حاجی غلام احمد بلور کی بات چیت

جمعرات 21 مارچ 2013 15:04

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 21مارچ 2013ء) نگران وزیراعظم کی تقرری کیلئے کام کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے رکن حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ اگر سیاستدان نگران وزیراعظم کا معاملہ حل نہیں کرسکتے تو مسئلہ کشمیر کیسے حل کریں گے‘ نگران وزیراعظم کے معاملے پر خاصی پیش رفت ہوئی ہے حتمی طور پر کمیٹی نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ کرلے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں غلام احمد بلور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تجویز دی تھی کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی طرف سے مثبت جواب آنا چاہئے اور سب نے میری تجویز پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیاست دان نگران وزیراعظم کے معاملے کا مسئلہ حل نہیں کرسکتے تو مسئلہ کشمیر کو کیسے حل کریں گے۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر پیش رفت ہوگئی ہے اور آج کمیٹی حتمی طور پر نگران وزیراعظم کے نام کے حوالے سے فیصلہ کرلے گی۔ انہوں نے کہا کہ مثبت بات ہے کہ ہم اپنی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ جسٹس ناصر اسلم زاہد کے نام پر اب تک پیپلز پارٹی کے اعتراضات بھی سنے گئے ہیں۔