اپر دیر، شمالی وزیرستان اور بنوں میں حملے، افسران سمیت 6 شہید، گاڑی دہشتگردوں کی بچھائی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جی سی او میجر جنرل ثناء اللہ نیازی، لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان شہید، 2 اہلکار زخمی

اتوار 15 ستمبر 2013 17:53

اپر دیر /شمالی وزیرستان/بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2013ء) اپر دیر میں دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں تین اعلیٰ افسران شہید اور دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے جبکہ شمالی وزیرستان میں ایف سی کے قافلہ پر ایک حملہ میں ایک اہلکار اور بنوں میں خاصہ دار فورس پر حملہ میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

شہید ہونیوالوں میں جی سی او میجر جنرل ثناء اللہ نیازی، کمانڈنگ افسر 33 بلوچ رجمنٹ لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان ستار شامل ہیں۔ پاک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے انتہائی سینئر افسران میجر جنرل ثناء اللہ نیازی پاک افغان سرحد پر چیک پوسٹوں کے دورے پر گئے تھے۔ جی او سی سوات مالاکنڈ ڈویژن میجر جنرل ثناء اللہ نیازی، لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان ستار دورہ مکمل کرکے واپس اپنے قافلے کے ہمراہ آ رہے تھے کہ اچانک اپر دیر میں بن شاہی کے علاقہ میں دہشتگردوں کی جانب سے سڑک پر نصب کی گئی بارودی سرنگ سے ان کی گاڑی ٹکرا گئی جس سے تینوں افسران موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

میجر جنرل ثناء اللہ سوات ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی سی او) جبکہ لیفٹیننٹ کرنل توصیف کمانڈنگ آفیسر 33 بلوچ رجمنٹ تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ میجر جنرل ثناء اللہ نیازی نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرحدی علاقہ سے واپس آنا تھا لیکن موسم خراب ہونے کے باعث انہیں گاڑی کے ذریعے آنا پڑا اور ان کی گاڑی اس بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی اور وہ حادثہ کا شکار ہو گئے۔ صدر اور وزیراعظم نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے اور نہ ہی دہشتگردی کیخلاف حکومتی عزم متزلزل ہوگا۔