یوکرائن کے لیے امدادی پیکیج زیرغورنہیں،تھائی فوج مداخلت سے باز رہے، امریکہ ،شام کے حوالے سے امریکی پالیسی ناکام نہیں ہوئی،،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان پاسکی کی بریفنگ

منگل 4 فروری 2014 19:35

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) امریکا نے تھائی لینڈ میں فوج کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مداخلت سے باز رہے،شام کے حوالے سے امریکی پالیسی ناکام نہیں ہوئی ،یوکرائن کے لیے کوئی بھی امدادی پیکج زیرغورنہیں ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین پاسکی نے میڈیا بریفنگ میں کہاکہ وزیر خارجہ جان کیری نے شام سے متعلق امریکی پالیسی کو ناکام قرار دیا ہے اورکہاہے کہ جب تک شام میں انسانی بحران اور خانہ جنگی کا خاتمہ نہیں ہو جاتاتب تک امریکامیں کوئی بھی اہلکار یہ نہیں سمجھتا کہ امریکا جو اقدامات کر رہا ہے، وہ کافی ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وزیر خارجہ جان کیری نے کسی بھی مقام پر ایسا نہیں کہا کہ شام پر امریکی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ شامی مسئلے پر غور کریں گے کہ مزید کیا کچھ کیا جا سکتا ہے لیکن اِسے حکمت عملی میں تبدیلی سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکا سیاسی بحران کے شکار ملک یوکرائن کے لیے مالی امداد کے سلسلے میں یورپی یونین کے ساتھ مشاورت کے عمل میں مصروف ہے تاہم کسی بھی قسم کی امداد سے قبل نئی حکومت کا قیام لازمی ہے،ان کا کہنا تھاکہ میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ ہم یورپی یونین کے ساتھ اِس بارے میں مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں کہ یوکرائن میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اقتصادی ترقی کے لیے کِس قسم کے تعاون کی ضرورت ہوگی،ساکی نے کہاکہ اِس سلسلے میں کسی بھی فیصلے کا دار و مدار نئی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت اور یوکرائن میں جاری واقعات و حالات پر ہوگا۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان نے مزید بتایا کہ تاحال اِس بارے میں مزید معلومات دستیاب نہیں ہیں کیونکہ مذاکراتی عمل ابھی جاری ہے، انہوں نے امریکا کی جانب سے متبنہ کیا کہ تھائی لینڈ کی فوج بغاوت سے باز رہے،پاسکی نے کہاکہ امریکا تھائی لینڈ میں کسی کی بھی حمایت نہیں کررہا تاہم ملک میں جمہوریت کابول بالا ہونا چاہئے۔