سورج مکھی کی کاشت کیلئے میرا اور بھاری میرا زمین موزوں ہے، محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی

بدھ 12 فروری 2014 16:56

راولپنڈی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ سورج مکھی کی کاشت کے لئے میرا اور بھاری میرا زمین موزوں ہے۔ سیم زدہ اور بہت زیادہ ریتلی زمین اس کے لئے موزوں نہیں ہے۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ سورج مکھی کی کاشت سے قبل سابقہ فصلات کی باقیات کو ختم کرنا بہت ضروری ہے اس مقصد کے لئے روٹا ویٹر چلا کر ان باقیات کو زمین میں ملایا جاسکتا ہے جس سے نہ صرف مڈھ وغیرہ تلف ہوجاتے ہیں بلکہ زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور ساتھ ہی مڈھوں میں چھپے ہوئے نقصان دہ کیڑوں کی بھی تلفی ہوجاتی ہے۔

اگر زمین میں سخت تہہ بن گئی ہو تو ضرورت کے مطابق ایک یا دو دفعہ چیزل ہل چلا کر اس تہہ کو توڑنا ضروری ہے تاکہ فصل کی بڑھوتری بہتر انداز میں ہوسکے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق کاشتکار وریال زمینوں کو تیار کرنے کے لئے دو سے تین ہل چلا کر سہاگہ دیں جبکہ فصلات کی کٹائی کے بعد والی زمینوں میں تین سے چار دفعہ ہل چلا کر سہاگہ دیں تاکہ زمین نرم ہوجائے ۔

کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے لئے مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ FH-331 اور بیرون ممالک سے درآمد شدہ ہائبرڈ بیج استعمال کریں جبکہ شرح بیج 2 تا 2 کلو گرام فی ایکڑ رکھنے سے پودوں کی مطلوبہ تعداد حاصل کی جاسکتی ہے جو کہ بہتر پیداوار کے لئے ضروری ہے۔ بھکر، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، چینوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ اور ساہیوال کے اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت 15 فروری جبکہ قصور، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال، راولپنڈی اور اٹک کے اضلاع میں آخر فروری تک کاشت بہتر پیداوار دیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :