کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2013-14 ء کیلئے 80 لاکھ ٹن گندم کی خریدار ی کے ہدف کی منظوری دیدی،سونے کی درآمد پر 31 مارچ تک پابندی بر قرار رکھنے اور قیمتی پتھروں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کی ہدایت،حکومتی پالیسیوں کی بدولت آج تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں ،اسحاق ڈار ،شرح نمو میں بہتری ، افراط زر میں کمی اور زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں ،روپے کی قدر بھی بہتر ہوئی ،ملک کا اقتصادی منظر نامہ درست سمت میں آگے بڑھا رہا ہے،موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد لارج سکیل مینو فیکچرنگ کی کار کردگی میں واضح بہتری آئی ، پیداوار میں اضافے کی بڑی وجہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی اور صنعتو ں کو قدرتی گیس کی اضافی فراہمی ہے ،وفاقی وزیر خزانہ کا کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 11 مارچ 2014 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2013-14 ء کیلئے 80 لاکھ ٹن گندم کی خریدار ی کے ہدف کی منظوری دیتے ہوئے سونے کی درآمد پر 31 مارچ تک پابندی بر قرار رکھنے اور قیمتی پتھروں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا ، وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد اس نے اپنے منشور کے مطابق اقتصادی شعبے میں متعدد ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرائیں تاکہ درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکے انہوں نے کہا کہ آج اللہ کے فضل سے تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں شرح نمو میں بہتری آ رہی ہے جبکہ افراط زر میں کمی ہو رہی ہے اسی طرح زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں روپے کی قدر بھی بہتر ہوئی ہے اور سٹاک ایکسچینج اوپر جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کا اقتصادی منظر نامہ درست سمت میں آگے بڑھا رہا ہے اور اس کے ذریعے ہم لوگوں کو خوشحال بنانے کے قابل ہو سکیں گے ۔ ای سی سی کے اجلاس کے دوران وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی 2013-14 کیلئے گندم کی خریداری کا ہدف 80 لاکھ ٹن مقرر کرنے کی سمری منظور کر لی گئی جس میں 16 لاکھ ٹن گندم پاسکو کی جانب سے خریدی جائیگی ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب 45 لاکھ ٹن ، سندھ 13 لاکھ ٹن،خیبر پختونخوا ساڑھے چار لاکھ ٹن، بلوچستان ڈیڑھ لاکھ ٹن اور پاسکو 16 لاکھ ٹن گندم خریدے گا ۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سونے کی درآمد پر 31 مارچ 2014 ء تک پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا وزیر خزانہ نے وزارت تجارت کو ہدایت کی وہ اس حوالے سے معاملہ ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔وزیر خزانہ نے وزارت تجارت کو قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں لارج سکیل مینو فیکچرنگ (ایل ایس ایم) کے شعبے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا کمیٹی کو وزارت صنعت کی جانب سے بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد لارج سکیل مینو فیکچرنگ کی کار کردگی میں واضح بہتری آئی ہے اور جولائی سے دسمبر کے دوران ایل ایس ایم کی شرح نمو 6.8 فیصد رہی جبکہ گزشتہ سال کے مذکورہ عرصے کے دوران یہ شرح 2.3 فیصد تھی۔

ای سی سی کو بتایا گیا کہ چینی کی پیداوار میں 78 فیصد اور کھاد کے شعبے کی پیداوار میں 28 فیصد اضافہ ہوتا ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پیداوار میں اضافے کی بڑی وجہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی اور صنعتو ں کو قدرتی گیس کی اضافی فراہمی ہے انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تاجر برادری اور صنعتکاروں کے تجدید شدہ اعتماد کا مظہر ہے ۔

وزیر خزانہ نے وزارت تجارت اور صنعت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ چینی کے پانچ لاکھ میٹرک ٹن برآمدی کوٹہ کی ترسیل یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزارتوں کو چینی کی برآمدات کے حوالے سے اپنے اعداد و شمار کا تبادلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ وہ چینی سے متعلق جامع پالیسی پیش کرے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے وزارت صنعت کے حکام کو ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں ایل ایس ایم سیکٹر کے اہداف کے حصول کیلئے سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وزیر تجارت خرم دستگیر خان ، وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹوں اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔