پانچواں یوم شہدا آج منایا جا رہا ہے،یادگاروں پر پھول چڑھانے،فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری

بدھ 30 اپریل 2014 06:47

پانچواں یوم شہدا آج منایا جا رہا ہے،یادگاروں پر پھول چڑھانے،فاتحہ ..

راولپنڈی / بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30اپریل 2014ء)شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پانچواں یوم شہدا آج منایا جا رہا ہے۔یوم شہداء کے سلسلے میں ملک بھر کی کنٹونمنٹس میں خصوصی تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں ۔ مسلح افواج کی طرف سے شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ بہاولپور گیریژن کینٹ میں کور کمانڈر بہاولپور لیفٹننٹ جنرل جاوید اقبال نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس سلسلے کی اہم تقریب شام کو جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہوگی جس میں آرمی چیف شہداء کے لواحقین سے ملاقات کریں گے ۔ مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت بھی اس تقریب میں شریک ہو گی ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف یاد گار شہداء پر پھول چڑھائیں گے ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہونے والے سیکورٹٰی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔یوم شہداء وطن عزیز کے ان بہادر جوانوں اور افسروں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے جانیں مادر وطن کے دفاع کی نذر کر دیں اور اپنے لہو سے ایثار و قربانی کی پائندہ تاریخ رقم کر دی۔

اس دن کا مقصد ان خاندانوں سے اظہار یکجہتی ہے جن کے پیاروں نے ملکی دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔ پچھلے چند برسوں میں 55 ہزار شہری دہشت گردی کا نشانہ بنے ۔ 5 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور تقریبا15 ہزار سیکورٹی اہلکار شدید زخمی ہوئے۔