ملکی معیشت کو صحیح سمت پر لیجانے کیلئے کڑوی گولیاں نگلنی پڑیں گی‘ احسن اقبال

ایک ڈیڑھ سال عوام کیلئے مشکل ہوگا، ہم ملکی معیشت کو راہ راست پر لے آئیں گے‘وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی گندم کے نرخ کم ہو گئے ہیں، حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کسانوں کی مدد کریگی‘اجتماع سے خطاب

اتوار 28 اپریل 2024 21:30

ملکی معیشت کو صحیح سمت پر لیجانے کیلئے کڑوی گولیاں نگلنی پڑیں گی‘ احسن ..
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو صحیح سمت پر لیجانے کے لئے کڑوی گولیاں نگلنی پڑیں گی،ایک ڈیڑھ سال عوام کیلئے مشکل ہوگا، ہم ملکی معیشت کو راہ راست پر لے آئیں گے، بین الاقوامی منڈیوں میں بھی گندم کے نرخ کم ہو گئے ہیں، حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کسانوں کی مدد کرے گی۔

انہوں نے ظفروال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج کسان پریشان نظر آتے ہیں، 2018 کے بعد بانی پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا تھا۔احسن اقبال نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی گندم کے نرخ کم ہو گئے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں گندم کی صورتحال پر نوٹس لے لیا ہے، حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کسانوں کی مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ڈیڑھ سال عوام کیلئے مشکل ہوگا، ہم ملکی معیشت کو راہ راست پر لے آئیں گے، ہم ذاتیات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہمیشہ امن تعلیم اور ترقی کی سیاست کی ہے، کبھی لالچ نہیں کیا، عوامی خدمت کو ہی سیاست سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شکرگڑھ سے الیکشن ہارنے والا شخص ٹی وی چینلز پر میری کردار کشی کرتا ہے، جھوٹے مقدمات اور ٹاٹوں کا کلچر ختم کردیں گے، پولیس راتوں کا جاگ کر ہماری حفاظت کرتی ہے، شہریوں کی حفاظت کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔احسن اقبال نے کہا کہ ظفروال کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات اولین ترجیحات ہیں، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ظفروال میں آپریشن تھیٹر فنگشنل کر دیا گیا ہے۔