کیا انتظامی عہدے کیلئے حکمران خاندان سے ہونا ہی واحد شرط ہے؟

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانے پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 اپریل 2024 20:11

کیا انتظامی عہدے کیلئے حکمران خاندان سے ہونا ہی واحد شرط ہے؟
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2024ء ) سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانے پر ردعمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھائی وزیر اعظم، صاحبزادی وزیر اعلیٰ اور اَب سمدھی صاحب کو ڈپٹی وزیر اعظم بنادیا گیا، کیا پوری پارٹی میں کوئی اور شخص کسی بھی انتظامی عہدے کے لئیے اہل نہیں؟ کیا اُس کا حکمران خاندان سے ہونا ہی واحد شرط ہے؟۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کر دیا ہے، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کرنے کی منظوری دی ہے، کابینہ ڈویژن نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا اسحاق ڈار کو نائب مقرر کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے، ہمارے دور میں بھی پرویزالہٰی نائب وزیراعظم رہے ہیں، ہم حکومت کاحصہ نہیں لیکن اچھے مشورے دیں گے، پاکستان مسلم لیگ ن نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مشاورت کی ہوگی، پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہے، مجھے لگتا ہے کہ قیادت سے اس حوالے سے مشاورت کی گئی ہوگی۔

خیال رہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم کے ہمراہ دورے پر اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے مختلف عالمی مسائل کے حل کیلئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے اتوار کو ریاض میں عالمی سلامتی اور ترقی کے ایجنڈے کو مرتب کرنے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اور متعدد عالمی مسائل کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی تعاون کی وسعت پر بھی روشنی ڈالی، انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، مستقبل کی وبائی امراض کے لیے تیاری اور آرٹیفشل انٹیلی جنس کے لیے گورننس کے نظام پر بھی زور دیا، انہوں نے علاقائی روابط بڑھانے کے ذریعے عالمی اقتصادی ترقی کو بحال کرنے کے لیے جنوبی ایشیا کی بے پناہ صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔