ترک وزیراعظم کے 60حامی کرپشن تحقیقات میں بری ،پراسیکوٹر نے مزید تفتیش کی ضرورت نہ ہونے کا اعلان کر دیا

جمعہ 2 مئی 2014 22:34

ترک وزیراعظم کے 60حامی کرپشن تحقیقات میں بری ،پراسیکوٹر نے مزید تفتیش ..

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) ترکی کے سرکاری پراسیکیوٹر نے ایردوآن کے سابق وزیر سمیت 60 اہم افراد کے خلاف تفتیش روک دینے کا اعلان کرتے ہوئے ان کے خلاف مزید کسی قانونی کارروائی نہ کرنے کا عندیہ دیدیا،ان افراد کیخلاف 17 دسمبر 2013 کو انسداد بدعنوانی کے تحت زیر تفتیش لایا گیا تھا،جمعہ کے روز پراسیکیوٹر نے اعلان کیا کہ ساٹھ افراد جن میں تعمیراتی شعبے کے ٹائیکون علی اگاگلو، ترک فٹ بال فیڈریشن کے سابق سربراہ محمد علی،تاجر احمد نصیف اور وزیر ماحولیات کے صاحبزادے بھی شامل ہیں کے خلاف تفتیش مکمل ہو گئی ہے، اطلاعات کے مطابق دیگر زیر تفتیش شخصیات کے بارے میں ابھی تحقیقات جاری رکھی جائیں گی، تاہم مبصرین حالیہ بلدیاتی کامیابی کے بعد ایردوآن حکومت کیلیے اسے ایک اور اچھی خبر سے تعبیر کرتے ہیں،سابق وزیر مالیات ظفر کاگلیان، سابق وزیر داخلہ معمرگولر، سابق وزیر برائے شہریات نے اسی تفتیش کے شروع ہونے کے بعد ماہ جنوری میں استعفے دے دیے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ سابق وزیر برائے امور ہائے یورپی یونین کو کابینہ میں تبدیلی کے موقع پر سبکدوش کر دیا گیا تھا،ایردوآن کابینہ کے اہم ارکان یا ان کے بیٹوں اور دیگر اہم شخصیات کے خلاف ان الزامات لگائے جانے پر وزیر اعظم طیب ایردوآن نے اس کی ذمہ داری امریکا میں مقیم عالم دین فتح اللہ گولین پر عاید کی تھی کہ وہ ایردوآن حکومت کو سازش کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :