پی ٹی آئی کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو فرض اولین سمجھتی ہے،پرویزخٹک، ہم نے قلیتوں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹے میں سو فیصد اضافہ کیا ہے، صوبے کی تاریخ میں 25 سال بعد اقلیتی اُمور کی وزارت اقلیتی رکن اسمبلی کو دی گئی جو ہماری اقلیتی برادری سے محبت اور انکی خدمات اور صلاحیتوں کا واضح اعتراف ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعرات 15 مئی 2014 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو فرض اولین سمجھتی ہے ہم نے قلیتوں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹے میں سو فیصد اضافہ کیا ہے اب سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹہ ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر تین فیصد ہو گیا ہے ہم نے پہلے بھی بر سر اقتدار آنے کے ساتھ ہی سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص ایک فیصد کوٹے میں پچاس فیصد اضافہ کرکے ڈیڑھ فیصد کر دیا تھا اسی طرح اسی طرح ہر ضلع میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مائنارٹی ویلفئیر آفیسر کی تعیناتی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ضلعی اقلیتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اقلیتوں کے مسائل اقلیتی نمائندوں اور اقلیتی ملازمین کے توسط سے رابطوں کے ذریعے حل ہوں اُنہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں 25 سال بعد اقلیتی اُمور کی وزارت اقلیتی رکن اسمبلی کو دی گئی جو ہماری اقلیتی برادری سے محبت اور انکی خدمات اور صلاحیتوں کا واضح اعتراف ہے ہم نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے الگ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جس کی پیش کردہ جامع سفارشات پر عمل بھی یقینی بنایا جارہا ہے ہم اقلیتی اُمور کی الگ نظامت کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشپ آف پشاور ہمفری سرفراز پیٹر، اقلیتی ایم پی اے فیڈرک عظیم غوری اور تحریک انصاف اقلیتی ونگ پر مشتمل مختلف وفودسے الگ الگ ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے صوبے میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل، اُن کی فلا ح و بہبود اور دیگر متعلقہ اُمور پر وزیراعلیٰ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا وزیر اعلیٰ نے وفود کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں ہمارے وجود کا اہم جز ہیں اورملکی و قومی ترقی میں اُن کا کردار ناقابل فراموش ہے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ انکی جان و مال اور حقوق کا تحفظ ہمارا آئینی، مذہبی اور قومی فریضہ ہے اور جس کی بطریق احسن ادائیگی میں ہماری حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی اُنہوں نے یقین دلایا کہ اُنکی حکومت اقلیتی عباد ت خانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی پرو یز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں ایک ایسا نظام متعارف کرنے پر کام کر رہی ہے جس میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کی جان و مال اور عبادت خانوں کا تحفظ یقینی ہو، اقلیتوں کو برابر کے حقوق ملیں، اُنکے مسائل خود کار انداز میں حل ہوں اور اُنہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑے ایسا تب ممکن ہے جب ہم ماضی کے فرسودہ نظام کی یادگار برائیوں رشوت، کمیشن، سفارش اور ناانصافی کا خاتمہ کرکے معاشرے میں میرٹ اور قانون و انصاف کی بالا دستی کو یقینی بنائیں جس پر صوبے کی موجودہ اتحادی حکومت شروع دن سے کام کر رہی ہے اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے لوگوں سے نظام کی تبدیلی کے وعدے پر ووٹ لیا ہے نہ کہ لوگوں کو اندھا دھند سرکاری نوکریاں دینا اور صوبے کے کمزور خزانے پر بوجھ بڑھانا ہم اپنے وعدے کے مطابق نظام کو ٹھیک کر رہے ہیں اور جب نظام ٹھیک ہو گا تو لوگوں کے مسائل خود بخود حل ہوں گے یہ ممکن ہی نہیں کہ حکومت سب کو سرکاری ملازمتیں مہیا کرے اسلئے ہم صوبے میں صنعتوں کے فروغ اورملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مصروف ہیں اور اس مقصد کیلئے موثر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مختلف شعبوں میں اپنے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں بشپ آف پشاور ہیمفری سرفراز پیٹر اور فیڈرک عظیم غوری نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اوراُن کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو اقلیتی برادری کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔