ٹانک،سیشن جج کے اغوا کیس کی انکوائری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم

اتوار 28 اپریل 2024 15:05

ٹانک،سیشن جج کے اغوا کیس کی انکوائری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم
جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) ضلع جنوبی وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکراللہ مروت کے اغوا سے متعلق خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔جج مبینہ اغوا کیس سے متعلق بنائی گئی پولیس کی خصوصی کمیٹی میں انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہوں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق جج کی بازیابی کے لئے سی ٹی ڈی میں الگ ٹیم تحقیقات کررہی ہے، جج کی گاڑی کو ریکور کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے پر کام جاری ہے، ڈی آئی خان ریجن کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ،کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ 27 اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکراللہ مروت کو اغوا کرلیا گیا تھاخیبر پختونخوا پولیس نے بتایا تھا کہ سیشن جج شاکر اللہ مروت ٹانک سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جارہے تھے کہ مسلح افراد نے ڈیرہ روڈ بھگوال سے انہیں اغوا کرلیا۔رپورٹ کے مطابق جاتے ہوئے نامعلوم مسلح اغواکاروں نے سیشن جج کے ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاحال سیشن جج کو بازیاب کرانے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔