محکمہ زکو ٰة و عشر سندھ کی جانب سے 209 مستحق طالبات کو امدادی چیکس کی تقسیم ، معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیر برائے زکو ٰ ة و عشر دوست محمد راہموں

جمعہ 23 مئی 2014 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی۔2014ء) سندھ کے وزیر برائے زکو ٰ ة و عشردوست محمد راہموں نے کہا ہے کہ مستحق طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومت نے رواں مالی سال میں تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے اور تعلیم کی بہتری کے لئے صوبہ بھر میں متعدد پروجیکٹ زیر تکمیل ہیں۔ یہ بات انہوں نے کے ایم اے گرلز ڈگری کالج کھارادر کراچی کی 209 مستحق طالبات کے لئے 6 لاکھ 79 ہزار 250 روپے کے چیکس اور اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پڑھی لکھی عوام اورصوبے کوتعلیمی میدان میں نمایاں مقام دلانا ہماری شہید رہنمامحترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب اور مشن تھا جس کی تکمیل کے لئے سندھ حکومت کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وہ محنتی اور قابل طالب علم جو کہ مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے انہیں حکومت کی جانب سے مفت تعلیم دلاکر انہیں باعزت شہری بنایا جاسکے جو کہ آگے چل کر ملک کا نام روشن کریں۔

(جاری ہے)

دوست محمد راہیمو ں نے کہا کہ مستحق طالب علموں کی امداد کراچی زکو ٰة و عشر کمیٹی کا قابل ستائش اقدام ہے اور اسے تجرباتی بنیادوں پر سندھ کے دوسرے اضلاع میں بھی آزمایا جائے گا اور اس میں پیش آنے والی مشکلات کو ڈپارٹمنٹ دور کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا تاکہ سسٹم شفافیت کی طرف گامزن ہو ۔تقریب سے چیئرمین سندھ زکو ٰةکونسل کراچی زاہد قربان علوی ‘ سیکریٹری محکمہ زکو ٰة و عشر رمضان اعوان ‘ چیئرمین زکو ٰة و عشر کمیٹی کراچی خالد لطیف و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :