گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ڈی جی رینجرز سندھ کی ملاقات ،میجر جنرل رضوان اختر نے سیکیورٹی کی صوتحال اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا

پیر 26 مئی 2014 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے پیرکو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقا ت میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے گورنر سندھ کو صوبے اور شہر میں جاری ٹارگیٹڈایکشن، امن و امان کے قیام ، سیکیورٹی کی صوتحال اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

گورنر سندھ نے ڈی جی رینجرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں جاری کاروائیوں کے نتیجے میں شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے مکمل منصوبہ بندی کے تحت فول پروف اور موئثر اقدامات کو یقینی بنا یا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہرمیں جاری ٹارگیٹڈایکشن کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ کوئی بھی جرائم پیشہ قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں جاری ایکشن کے نتیجے میں بعض شکایت پر وزیر اعظم نے کمیٹی ” برائے ازالہ شکایت Grievance Redressal Committee “ تشکیل دی تھی کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی موجود ہے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کے لئے کمیٹی کا پہلا اجلاس رواں ہفتے ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس کے مربوط نظام اوراداروں کے درمیان باہمی رابطے سے ہی بڑے سے بڑے جرائم کی بیخ کنی ممکن ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ مقررہ اہداف کے ساتھ دہشت گردی کے نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے اور شہر میں غیر قانونی موبائل سمز کی روک تھام کے لئے وفاقی سطح پر سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ڈی جی رینجرز سے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جن علاقوں میں جرائم کی شرح زیادہ ہے وہاں اقدامات کو سخت کرتے ہوئے گشت میں اضافہ کریں ۔