پنجاب میں دنیاکابہترین تدریسی عمل رائج کرنے کے لیے”ای لرن پروگرام“ کا آغاز ، پنجاب پورے پاکستان کا گروتھ انجن ہے،ہم پاکستان کے دیگر صوبوں کو بھی تعلیم کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرینگے،وزیر تعلیم پنجاب کا رانا مشہود احمد برطانوی ادارے پرومتھیان کی جانب سے ”ایکٹو کلاس روم ٹیکنالوجی“ متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب

منگل 27 مئی 2014 21:30

پنجاب میں دنیاکابہترین تدریسی عمل رائج کرنے کے لیے”ای لرن پروگرام“ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2014ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سکول ایجوکیشن ریفارمز روڈ میپ کے تحت دنیاکابہترین تدریسی عمل رائج کرنے کے لیے”ای لرن پروگرام“ کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت سکولوں کے مختلف مدارج کی درسی کتابوں کو ڈیجیٹل شکل میں ڈیٹا کی صورت دے دی گئی ہے،ایسے تمام تعلیمی ادارے جن کے پاس کمپیوٹر لیب یا ایکٹو کلاس روم ٹیکنالوجی موجود ہو،انہیں حکومت پنجاب کے تعلیمی ڈیٹا بیس سے مستفیدہونے کی کھلی اجازت ہو گی۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز برطانوی ادارے پرومتھیان کی تیارکردہ ”ایکٹو کلاس روم ٹیکنالوجی“ متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ڈائریکٹر یو کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ (یو کے ٹی آئی)جان اے ٹکناٹ جو کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،نے اس موقع پر برطانوی سوشل تنظیم پرومتھیان اور پاکستان کے سوشیو انجینئرنگ کنسلٹنٹ گروپ( ایس ای گروپ) کے مابین اشتراک عمل سے ایکٹو کلاس روم ٹیکنالوجی کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی جبکہ پرومتھیان کے سینئرایجوکیشن کنسلٹنٹ پیٹر آرم راڈنے اس ٹیکنالوجی کے اہم فیچرز کے بارے میں تفصیلات سے تقریب کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس نئے سسٹم کے تحت پرومتیھان نے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پنجاب کے 20 سکولوں میں ایکٹوکلاس روم ٹیکنالوجی نصب کی ہے۔

(جاری ہے)

ہر سکول ٹیچرکو ایک پرسنل ٹیبلٹ،ایک پراجیکٹر اور ایکٹو کلاس روم سافٹ وئیرفراہم کیا گیا ہے جس میں انٹر ایکٹووائیٹ بورڈ اور لرننگ رسپانس سسٹم شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پرومتیھان پنجاب کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں 25 ہزار کلاس رومز میں یو کے ٹی آئی کے اشتراک سے یہ سسٹم نصب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لئے 50 ہزار اساتذہ کی تربیت کے لئے ریفریشر کورس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے ایکٹو کلاس روم ٹیکنالوجی کی پنجاب آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں منعقد کئے گئے ورلڈ ایجوکیشن فورم میں پنجاب کے سکول ریفارمز روڈ میپ کو دنیا کے کامیاب ترین ایمرجنگ ماڈل کے طور پر سراہا گیا ہے۔انہوں نے تعلیم کے شعبے میں جدت لانے کے لئے برطانیہ اور پاکستان کے مابین تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے نہ صرف پاکستان میں بنیادی تعلیم کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ لاہور کے مجوزہ نالج پارک کی بھرپور کامیابی پاکستان میں اعلی تعلیم کی سہولتوں کو عالمی معیار پر لانے کا باعث بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے 2016 ء تک صوبے میں سو فیصد بچوں کو سرکاری او ر نجی سکولوں میں لازمی داخلہ دلوانے کا ہدف ہر صورت پورا کرنے کے کا حکم دیا ہے۔ایلیٹ سکولوں کے مالکان کو اس بات کا پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ دس فیصد داخلے ایسے طلبا وطالبات کے لئے لازمی طور پر مختص کریں جن کے غریب والدین ان ذہین بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

وزیر تعلیم پنجاب نے اس موقع پر بتایا کہ وفاقی حکومت نے 60 فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو بالامعاوضہ لیپ ٹاپ دینے کے لئے عوامی جمہوریہ چین کی الیکٹرک ایپلائنسزکمپنی ہائر (Haire) کے ساتھ مل کر لیپ ٹاپ کی مقامی طور پر مینوفیکچرنگ شروع کرادی ہے جبکہ پنجاب میں ایک لاکھ سے زیادہ لیپ ٹاپ ذہین طلبا وطالبات میں مفت تقسیم کرنے کے لئے ماضی کی طرح اس سال بھی بیرون ملک سے درآمد کئے جائیں گے جبکہ اگلے چار سال کے لئے ہم ایک اور عالمی شہرت یافتہ بڑے برانڈ کی ساتھ معاہدہ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پورے پاکستان کا گروتھ انجن ہے۔ اس لئے حکومت پنجاب نے فیصلہ کیاہے کہ ہم پاکستان کے دیگر صوبوں کو بھی تعلیم کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے جس کے پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا،سندھ او ر بلوچستان کے سکول ٹیچرز کو ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ لاہور میں تربیت شروع کرا دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :