ایرانی ہیکرزکا سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس اورنیوزویب سائٹس کے ذریعے امریکاکی جاسوسی کا انکشاف، ہیکرز کا شکار بننے والوں میں امریکہ کے چار اسٹار نیول ایڈمرل، پارلیمنٹرینز، سفرا اور امریکن،اسرائیلی لابی کے ارکان شامل ہیں،ایف بی آئی

جمعرات 29 مئی 2014 19:22

ایرانی ہیکرزکا سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس اورنیوزویب سائٹس کے ذریعے ..

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مئی۔2014ء) انٹیلی جنس فرم ”آئی سائٹ پارٹنرز“نے کہاہے کہ ایرانی ہیکرز سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس اور جعلی نیوز ویب سائٹس کے ذریعے امریکہ اور اسرائیل سمیت دنیا کے متعدد فوجی اور سیاسی رہنماؤں کی کامیاب جاسوسی کرتے رہے ہیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹیلی جنس فرم نے کہاکہ ہیکرز کا شکار بننے والوں میں امریکہ کے چار اسٹار نیول ایڈمرل، پارلیمنٹرینز، سفرا اور امریکن۔

اسرائیلی لابی کے ارکان شامل تھے،فرم کا کہنا تھا کہ برطانیہ، سعودی عرب، شام، عراق اور افغانستان کے متعدد حکام بھی ایرانی جاسوسوں کا شکار بنے،فرم نے ہیکرز کا نشانہ بننے والے افراد کے نام ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ بھی بتانے سے قاصر ہیں کہ اس کوشش میں کس قسم کا ڈیٹا چرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سائٹ کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ٹفنی جونز نے بتایا کہ ہیکرز کو اپنی کارروائیوں کے لئے مزید وقت مل جاتا تو ان کے لیے یہ بہت بڑی کامیابی ہوتی۔

ہیکروں نے اپنے اہداف کے ہاں اپنا اعتماد بنانے کے لئے اعلی عہدیداروں کے ان ہم جماعتوں، دوستوں، ساتھ کام کرنے والوں اور رشتہ اداروں سے راہ و رسم بڑھائے کہ جو فیس بک، گوگل، یو ٹیوب، لنکڈ ان اور ٹویٹر جیسے پلیٹ فارمز استعمال کر رہے تھے۔آئی سائٹ نے ایف بی آئی کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی جاسوسی کا شکار بننے والے چند افراد اور اس مقصد کے لئے استعمال ہونے والے سوشل میڈیا پورٹلز کو متنبہ کر دیا گیا ہے۔