الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم کیو ایم کے دھرنے تیسرے روز بھی جاری

جمعرات 5 جون 2014 11:42

الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم کیو ایم کے دھرنے تیسرے روز بھی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5جون 2014ء) ایم کیو ایم کے قائد سے اظہار یک جہتی کے لئے کارکنوں اور ہمدردوں کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں دھرنوں کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے۔ لندن میں الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کی جانب سے کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔

دھرنے کے شرکا نے الطاف حسین کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں جبکہ کارکنان کی جانب سے الطاف حسین کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی رہائی تک دھرنا جاری رہے گا۔ دوسری جانب گرو مندر سے نمائش چورنگی کی طرف جانے والے تمام رستے بند کر دیئے گئے ہیں جب کہ متحدہ کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف ان سے اظہار یک جہتی کے لئے حیدرآباد، سکھر، جامشورو، سانگھڑ، ٹنڈوآدم اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایم کیو ایم کی جانب سے دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ 3 روز قبل لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں ان کی رہائش گھر سے گرفتاری کی خبر کے ساتھ ہی کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کی جانب سے دھرنوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔